الیاسمین انٹرنیشنل اسکول ریاض کی وائس پرنسپل کا انتقال پر ملال

ریاض (منصور قاسمی)الیاسمین انٹرنیشنل اسکول کی وائس پرنسپل مسز آشا چیرین قضاء الٰہی سے ٢٨ اپریل بروز جمعہ کو وفات پا گئیں ۔ وہ کینسر جیسی مہلک مرض میں مبتلا تھیں اور علاج کے سلسلے میں انڈیا میں مقیم تھیں ۔ آشا چیرین کا تعلق کیرالا کے ایڈتھوا سے تھا ۔ مارچ ٢٠٠٢ میں الیاسمین اسکول میںان کی تقرری ہوئی تھی ۔ اس سے پہلے وہ پی ایس پبلک اسکول نیلمبور سے وابستہ تھیں ۔وہ گزشتہ اکیس سالوں سے الیاسمین اسکول میں خدمات انجام دے رہی تھیں ۔ انہوں نے طلبہ و طالبات، والدین ، کارکنان اور بورڈ کے اراکین کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کئے تھے۔
متوفیہ کے لئے ٣٠اپریل کو منعقدہ تعزیتی پروگرام سے اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم شوکت پرویز نے کہا :مسز آشا چیرین کی وفات سے جو خلا ہوا ہے وہ پر ہونا مشکل ہے۔ الیاسمین فیملی کو ہمیشہ ان کی کمی محسوس ہو گی۔ وہ اسکول کے لئے ایک مضبوط ستون تھیں ۔وہ ایک قابل قدر معلمہ ، محنتی ،صاف گو ، کا م کے تئیں مخلص ، پرعزم اور انتہائی طاقتور خاتون تھیں ،،۔اسکول کے ہیڈ ماسٹر ( بوائز سیکشن) تنویر صدیقی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا : ہم نے ایک بہترین معلمہ اور منتظمہ کو کھو دیا ،اپنی خدمات کے سبب وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ہم ان کے پسماندگان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔،، پرنسپل صاحب کی اپیل پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے متوفیہ کو اساتذہ اور طلبہ نے خراج عقیدت پیش کیا۔وائس پرنسپل کے انتقال پر شنوج عبداللہ، محمد شہاب ، ہیڈ معلمہ (گرلس سیکشن ) مسز سنگیتا،کوآڈنییٹر محمد الطاف ، محمد حمید ، شیح احمد اور دیگر تمام اساتذہ کرام نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
متوفیہ آشا چیرین کے پسماندگان میں شوہر مسٹر ایبیچن اور ایک بیٹی ہے۔ شوہر ریاض میںہی مڈل ایسٹ اسپیشلائزڈ کیبلز ریاض میں ملازمت کررہے ہیں؛ جبکہ بیٹی مسز ایولین کوچین یونیورسٹی سے انجینئرنگ کررہی ہیں ۔
Comments are closed.