کرناٹک انتخابی نتائج، عوام نے تقسیم کی سیاست کو مستردکیا ہے: ایس ڈی پی آئی

نئی دہلی(پریس ریلیز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج نے ظاہر کیا ہے کہ لوگ حقیقی فاتح ہیں، انہوں نے بی جے پی کی تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے جمہوریت اور سیکولرازم کو ووٹ دیا ہے۔ نفرت پھیلانے والے اور فرقہ وارانہ سیاست کو شکست دینے کیلئے کرناٹک کے عوام کو ایس ڈی پی آئی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد تمبے نے مزید کہا ہے کہ یہ مینڈیٹ بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست اور لوگوں کو تقسیم کرنے اور ان پر حکومت کرنے کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کے خلاف ہے۔ کانگریس پارٹی کو حقیقی جمہوریت اور سیکولرازم قائم کرنے کیلئے کام کرنا چاہئے اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے اور عوام کی تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنا کر ان کی توقعات پر پورا اترنا چاہئے۔ کانگریس نے ماضی میں سیکولر اقدار کو جو نقصان پہنچایا ہے، اسے دوبارہ نہیں دہرایا جانا چاہئے۔ اگرایسا نہ کیا تو مستقبل میں یہی لوگ اسے مسترد کردیں گے۔ ایس ڈی پی آئی عوام کے ساتھ کھڑی اور بھوک سے آزاد اور خوف سے آزاد معاشرے کے اپنے نصب العین پر کاربند ہے۔
Comments are closed.