امارت شرعیہ کے دعاۃ ومبلغین امارت شرعیہ کے ترجمان ہیں: نائب امیر شریعت

امارت شرعیہ میں منعقد چھ روزہ تربیتی اجتماع برائے مبلغین ودعاۃ کے افتتاحی پروگرام سے ذمہ داران کا خطاب
پٹنہ(پریس ریلیز)امیر شریعت مفکرملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی فکرمندی ودردمندی کے باعث یہ تربیتی اجتماع منعقد ہورہاہے،حضرت امیر شریعت مدظلہ چاہتے ہیں کہ امارت شرعیہ کے مبلغین ودعاۃ کی ایسی ذہنی وفکری اورعملی تربیت ہوجائے کہ وہ امارت شرعیہ کے کاموں کو بآسانی چار ریاستوں کے مسلم آبادیوں میں انجام دے سکیں، اس لئے کہ وہ امارت شرعیہ کے ترجمان کی حیثیت رکھتے ہیں، وہ جو پیغام سنائیں گے وہ امارت شرعیہ کا پیغام تصور کیاجائے گا، اسی مقصد کے تحت مورخہ 13/مئی سے 18/مئی تک فکری وعملی تربیتی پروگرام رکھاگیاہے، ان خیالات کا اظہار نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب نے شعبہئ تنظیم وتبلیغ کے چھ روزہ تربیتی اجتماع کی تقریب کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے اپنے کلیدی خطاب میں یہ کہاکہ تعلیم وتربیت کا نظام اس روئے زمین پر لازم وملزوم کی حیثیت رکھتاہے اور یہ دور سیکھنے اور سکھانے کا ہے، اس دور میں صلاحیتوں کی بنیاد پر معیار کو پرکھاجاتاہے، اورآپ مبلغین بنیادی طورپر امارت شرعیہ کا عملی چہر ہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ آپ ہرطرف احترام واکرام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں، آپ کی استعداد کا معیار جس قدر بلند ہوگا عوام کو امارت شرعیہ کے کاز کو سمجھنے میں اسی قدر مدد ملے گی اور وہ آپ کو سمجھ کر امارت شرعیہ کو سمجھ سکیں گے، امارت شرعیہ کے قاضی شریعت مولانا محمد انظار عالم قاسمی صاحب نے فرمایاکہ محنت ولگن اور خدمت کے جذبہ سے جو کام کیاجاتاہے وہ عنداللہ وعندالناس مقبول ہوتاہے، اس لئے آپ ملازم نہیں بلکہ خادم ہیں، آپ اس جذبہ کو ہمیشہ دلوں میں تازہ رکھیں۔مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ نے فرمایاکہ تربیت کے دو حصے ہیں، ایک علمی اور دوسرا عملی،یہاں آپ کو علمی مضامین کے ساتھ کچھ پریکٹیکل کرانے کی کوشش کی جائے گی،مگر عملی طورپر آپ کا میدان چارریاستوں کی مسلم آبادیاں ہیں جہاں آپ اپنے علم وتجربات کی روشنی میں مسلمانوں تک دین اور امارت شرعیہ کا پیغام پہونچائیں گے اور ملت کے مسائل کو بساط بھر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔مولانا سہیل احمد ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ نے فرمایاکہ امارت شرعیہ ایک الہامی ادارہ ہے، اس لئے استقلال واستقامت کے ساتھ آپ حضرات خدمت انجام دیں اوراپنے مطالعہ کو وسعت دینے کے لئے امارت شرعیہ کے اکابرین کی تاریخ وخدمات اور کارناموں کو جاننے کی کوشش کریں۔مفتی سعیدالرحمن قاسمی صاحب مفتی امارت شرعیہ نے مبلغین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو جویہ تربیت کا موقع ملاہے اس کا پورا فائدہ اٹھائیں اور مضامین کے اہم نکات کو ذہن ودل پر بٹھائیں۔مولانا مفتی وصی احمد قاسمی صاحب نائب قاضی شریعت نے کہاکہ جب داعی اپنے کردار وعمل کا نمونہ پیش کرتاہے تومخاطب پر اس کے خوشگوار اثرات پڑتے ہیں۔مولانا سہیل اختر قاسمی صاحب نائب قاضی شریعت نے فرمایاکہ امارت شرعیہ کے ہرمبلغ کو فکر امارت کا امین ہونا چاہئے،یہی صفت اس ادارہ اوراس کے کارکنان کی مقبولیت ومحبوبیت کی علامت ہے۔اس تربیتی اجتماع کا آغازامارت شرعیہ کے کتب خانہ ہال میں مولانا نصیب الرحمن کی تلاوت اور مولانا اکبرعلی قاسمی کی نعت پاک سے ہوا،جب کہ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض شعبہئ تبلیغ وتنظیم کے ذمہ دار مولانامفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ نے انجام دیئے۔اور مبلغین کو ایمان وعقیدے کی پختگی اوراس کی دعوت وتبلیغ کے لئے کلمہ ئ طیبہ اور کلمہ شہادت کے معنی اوران پر عمل کی راہیں کے عنوان پراپنی فکری مقالات پیش کیں اورپروجیکٹر کی مدد سے اس کے اہم نکات کو واضح کیا۔جب کہ دوسری نشست بعد ظہر میں جناب عبدالوھاب صاحب شعبہ اصلاحات اراضی نے مختلف امور سے متعلق قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور دشواریوں کا حل بتایا۔واضح رہے کہ یہ تربیتی پروگرام روزانہ تین سیشن کے ساتھ 18مئی تک جاری رہے گا۔دوسری جانب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ،مولانا قمرانیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ،مولانا شاہ نواز عالم مظاہری،مولانا عبداللہ جاوید ثاقبی ومولانا عبدالقدوس صاحب مظاہری نے اس پروگرام کے نظم ونسق کو بہتر بنانے میں اپنی خدمات پیش کیں۔

Comments are closed.