مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

عبداللہ اسکول میں جی 20سے متعلق پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 16مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے عبداللہ اسکول نے جی 20 سربراہی اجلاس کی تقریبات کے تحت مختلف مسابقتی تقاریب کا اہتمام کیا، جس میں پوسٹر سازی، مضمون نویسی اور سلوگن رائٹنگ کے مقابلے شامل ہیں۔
اسکول سپرنٹنڈنٹ محترمہ عمرہ ظہیر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور جی 20 سربراہی اجلاس کے خاص پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
پوسٹر سازی مقابلے میں افشاں نے پہلا انعام جیتا جبکہ علمہ ندید اور سمیہ نے مشترکہ طور سے دوسرا اور انشاء پرویز اور کہکشاں پروین نے مشترکہ طور سے تیسرا انعام حاصل کیا۔
مضمون نویسی کے مقابلے میں محمد عمیر، عنابیہ اور عائشہ عقیل نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔ اسی طرح سلوگن رائٹنگ مقابلے میں عنابیہ، عنایہ فاطمہ اور ارحم حسین نے اول، دوم اور سوم انعام حاصل کیا۔ لبنیٰ امتیاز نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیسر محمد ریحان نے قابل تجدید توانائی ایپلیکیشنزکے موضوع پر منعقدہ پرگرام میں شرکت کی
علی گڑھ 16 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں سنٹر فار انٹیگریٹڈ گرین اینڈ رینیویبل انرجی کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد ریحان نے یونیورسٹی آف پیٹرولیم انرجی اسٹڈیز ، دہرہ دون اور ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ، بنکاک کے زیر اہتمام ’’قابل تجدید توانائی کی ایپلی کیشنز سے متعلق مصنوعی ذہانت اور ’مطلبـ‘ کا استعمال کرتے ہوئے مشین لرننگ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پروفیسر ریحان نے گلوبل وارمنگ کے چیلنج سے نمٹنے میں شمسی توانائی کے اہم کردار اور قومی اہداف کو پورا کرنے میں الیکٹریکل انجینئرز کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاور گرڈ کی بدلتی ہوئی نوعیت سے پیدا ہونے والے تحقیقی چیلنجوں سے نمٹنے میں ڈجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور دیگر ٹیکنالوجیز کے کردار پر بھی بات کی۔
انہوں نے ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال سے متعلق اپنے تجربات بیان کئے اور اے ایم یو کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں شمسی توانائی کے کامیاب انضمام پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر ریحان نے اس کے علاوہ انرجی اینڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ (ٹیری)، نئی دہلی کے زیر اہتمام سولر ٹکنالوجی پر مبنی انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ پروگرام کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔ یہ پروگرام نیشنل سائنس اینڈ ٹکنالوجی انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ بورڈ اور محکمہ سائنس و ٹکنالوجی، حکومت ہند کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔
پروفیسر ریحان نے کہا کہ ہندوستان کی جی 20 کی صدارت کے تین ذیلی موضوعات میں سے ایک سبز مستقبل کے لیے صاف توانائی ہے، جو قومی مشن اور جی 20 کے ایجوکیشن ورکنگ گروپ کے موضوعات کے عین مطابق ہے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو وائس چانسلر نے ’سی بی ایم ای بیسڈ پریکٹیکل فارماکولوجی‘ کا اجرا کیا
علی گڑھ 16 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے ’سی بی ایم ای بیسڈ پریکٹیکل فارماکولوجی ‘کتاب کے تیسرے ایڈیشن کا اجراء کیا، جو ایم بی بی ایس کے طلباء کے لئے ہے اور اسے پروفیسر فریدہ احمد، ڈاکٹر جمیل احمد، ڈاکٹر بشریٰ ایچ خان اور ڈاکٹر شجاع الدین نے مشترکہ طور سے تصنیف کیا ہے ۔
پروفیسر گلریز نے کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ انڈرگریجویٹ ایم بی بی ایس طلباء کے لیے ایک اہم پریکٹیکل کتاب ہے کیونکہ یہ ہنر پر مبنی طبی تعلیم کے حالیہ نصاب پر مبنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ میڈیکل طلباء کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی۔
ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، پروفیسر وینا مہیشوری نے کہا کہ کتاب میں طبی اخلاقیات، دواؤں کا معقول استعمال، ضروری ادویات کی فہرست، پی-ڈرگ کا تصور اور نسخہ لکھنے جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
پروفیسر راکیش بھارگو، پرنسپل، جے این میڈیکل کالج نے کہا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق نسخہ لکھنے کا جدید طریقہ اور مشقوں کو کتاب میں شامل کیا گیا ہے اور پریکٹیکل فارماکولوجی کے تمام موضوعات کو ترتیب وار طریقے سے مرتب کیا گیا ہے۔
اجرا تقریب کے دوران اے ایم یو رجسٹرار مسٹر محمد عمران آئی پی ایس بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ اس کتاب کے مطالعہ سے طلباء میں نئی صلاحیتیں پیدا ہوں گی جو طبی اخلاقیات کے مطابق ڈاکٹروں میں ہونا لازمی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
ہاتھوں کی صفائی کے عالمی دن پر بیداری مہم اور کوئز مقابلے کا اہتمام
علی گڑھ، 16 مئی: ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی-انڈیا ، علی گڑھ چیپٹر، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے گلوبل ہینڈ ہائجین ڈے کے موقع پر صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں اور عام لوگوں کے لیے ایک بیداری مہم کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر رضاکاروں نے ہاتھوں کو دھونے کا صحیح طریقہ بتاتے ہوئے کالج اور اسپتال کے احاطے میں مارچ کیا۔ 800 سے زائد افراد نے ہاتھوں کو درست طریقے سے دھلنے اور صاف کرنے کے عملی مظاہرہ میں حصہ لیا۔
اس موقع پر جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں پہلی بار ایک انٹر اسکول کوئز مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس کا موضوع تھا ’’ہاتھوں کی صفائی اور انفیکشن کی روک تھام‘‘۔ علی گڑھ کے مختلف اسکولوں کے 60 سے زائد بچوں نے کوئز میں حصہ لیا ۔
پروفیسر راکیش بھارگو، پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،جے این ایم سی ایچ نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ اس کوئز مقابلے کی کوئز ماسٹر ڈاکٹر فاطمہ خان تھیں۔
اور لیڈی آف فاطمہ سینئر سیکنڈری اسکول کے ابتہاج دارین ازکا اور سویاش کو اس کوئز مقابلے کا فاتح قرار دیا گیا، جبکہ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول کے ہادی احمد اور عفان دانش نے دوسرا اور اور لیڈی آف فاطمہ سینئر سیکنڈری اسکول کے شارہ رضوی اور علیزہ جاوید نے تیسرا مقام حاصل کیا ۔
ٍ پروفیسر وینا مہیشوری (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) اور پروفیسر حارث ایم خان (صدر، ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی-انڈیا ، علی گڑھ چیپٹر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ،جے این ایم سی ایچ) نے فاتحین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور ان میں انعامات تقسیم کیے۔
ایم بی بی ایس 2020 بیچ کے عدنان، ہنسیکا، ہلال، نوشین اور پرکھر پروگرام کوآرڈنیٹر تھے ۔
٭٭٭٭٭٭
ایس ٹی ایس ا سکول کی سالانہ میگزین کا اجراء
علی گڑھ، 16 مئی: سیدنا طاہر سیف الدین اسکول (منٹو سرکل) ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سیشن2022-23 کی سالانہ میگزین کا اجرا اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا۔ اس موقع پر پروفیسر اسفر علی خاں (ڈائریکٹر ، اسکول ایجوکیشن ، اے ایم یو اور وی سی او ایس ڈی) ، محمد عمران آئی پی ایس (رجسٹرار)، مسٹر فیصل نفیس (پرنسپل، ایس ٹی ایس اسکول)، مسٹر محمد طارق، مسز یاسمین رضوی اور ایڈیٹوریل بورڈ کے اراکین بھی موجود تھے۔
میگزین کا نام ’’ڈریم اسٹریم‘‘ ہے جو اس بات کا اشارہ کرتا ہے کہ یہ تاریخی ادارہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں خواب حقیقت میں تبدیل ہوتے ہیں۔
وائس چانسلر نے اسکول کے پرنسپل، عملے کے اراکین اور طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے سالانہ میگزین کو منظر عام پر لانے کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

Comments are closed.