معروف وکیل ظفریاب جیلانی کی وفات ملی خسارہ:انیس الرحمن قاسمی

آل انڈیا ملی کونسل کے دفترمیں تعزیتی نشست

پھلواری 17/مئی (پریس ریلیز)
ملک کے مشہوروکیل اوربابری مسجد ایکشن کمیٹی کے سکریٹری جناب ظفریاب جیلانی ؒ کی وفات پرآج آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر پھلواری شریف، پٹنہ میں ایک تعزیتی نشست ہوئی،جس میں مرحوم کے لیے ایصال ثواب اوردعاءِ مغرفت کی گئی۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اورمختلف سماجی اداروں کے رکن معروف وکیل جناب ظفریاب جیلانی صاحب کا انتقال نہ صرف مسلم پرسنل لاء بورڈ،بلکہ ملک و ملت کے لیے بڑا نقصان ہے۔مرحوم بہت سی خوبیوں کے مالک تھے، انہوں نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے پلیٹ فارم سے ملت کی مخلصانہ خدمت انجام دی،بورڈ کے قانونی معاملات کو بڑی خوبی اورخوش اسلوبی سے انہوں نے انجام دیا۔ بابری مسجد کا مقدمہ کے سلسلے میں ان کی کوشش قابل قدر تھیں۔ انہیں اکابر علماء اوربورڈ کے ذمہ داروں کا اعتماد حاصل تھا۔ جناب ظفریاب جیلانی کی وفات پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولاناانیس الرحمن قاسمی رکن عاملہ مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مزید کہا کہ جناب ظفریاب جیلانی نہ صرف بڑے وکیل تھے،بلکہ وہ ایک دانشور اوربا شعور قائد بھی تھے۔انہوں نے اپنے سکریٹری شپ کے زمانہ میں ممتاز ڈگری کالج لکھنؤ کو بڑی ترقی دی۔ جناب ظفریاب جیلانی صاحب بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے سکریٹری تھے۔اورانہوں نے پوری جانفشانی کے ساتھ بابری مسجد کا مقدمہ کی پیروی کی۔مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ جیلانی صاحب مرحوم ملی کونسل کے اراکین تاسیسی میں تھے۔ملی کونسل کے بانی حضرت قاضی مجاہد الاسلام قاسمی سے ان کے گہرے مراسم تھے۔ قاضی صاحب ان سے قانونی معاملات میں مشورے کیا کرتے تھے۔خود میرے بھی ان سے دیرینہ تعلقات تھے۔ جب ملاقات ہوتی وہ ملی مسائل پر گفتگو کرتے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اوران کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔میں ان کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتا ہوں۔

Comments are closed.