مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو کے دس طلباء کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے منتخب
علی گڑھ، 17مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیر اہتمام منعقدہ کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے آرایم وی ورک فورس کارپوریشن نے یونیورسٹی کے 10 طلباء کی خدمات حاصل کی ہیں۔
ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ منتخب امیدواروں کا تعلق ایگریکلچر، سائنس، لائف سائنس، کامرس، مینجمنٹ اور سوشل سائنس کی فیکلٹیوں سے ہے۔ ان میں علینہ خان، حذیفہ رضوی، صغریٰ بانو، نورین تھتو، صفنا اے پی، علی اشہب، تہرین شیروانی، منہا طاہر سید، محمد آصف خان اور فضل امام شامل ہیں ۔
٭٭٭٭٭٭
وائس چانسلر نے بجلی تقسیم نظام کی اصلاح و تجدید اور توسیعی کاموں کا جائزہ لیا
علی گڑھ، 17مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے یونیورسٹی کیمپس میں بجلی تقسیم نظام کا معائنہ کیا اور سنٹرل سب اسٹیشن بی اور 33 کے وی سب اسٹیشن (نزد پولی ٹیکنک) میں نو تعمیر شدہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشنوں کا افتتاح کیا۔ انھوں نے بجلی شعبہ کے کاموں کی ستائش کی۔
اس موقع پر بجلی شعبہ کے ممبر انچارج پروفیسر محمد ریحان نے بتایا کہ یونیورسٹی کو یوپی پاور کارپوریشن سے ایک ہی جگہ پر 33 کے وی بجلی کی سپلائی ملتی ہے اور اس کے بعد کے نیٹ ورک کا بندوبست یونیورسٹی کا بجلی شعبہ کرتا ہے۔ دو مختلف وولٹیج سطح11 کے وی (ایچ وی) اور 440 وی (ایل وی) پر بجلی کی تقسیم ہوتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر، بجلی تقسیم نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاح و اضافہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے حالیہ برسوں میں بجلی سپلائی کے سلسلہ میں کئے گئے اہم کاموں کے بارے میں بتایا جن میں پورے ایچ وی نیٹ ورک کے لیے انڈرگراؤنڈ کیبلنگ اور اضافی کیبلوں کی فراہمی شامل ہے۔ ایل وی نیٹ ورک کے لئے بھی زیرزمین کیبل بچھانے کا کام کیا جارہا ہے ، جس میں مولانا آزاد لائبریری، کینیڈی ہال، اسٹریچی ہال اور ایس ایس نارتھ اور میڈیکل کالونی وغیرہ کے آس پاس کے علاقوں سے متعلق کام مکمل ہوچکا ہے ، جب کہ عبداللہ ہال، ویمنس کالج، آئی جی ہال، طبیہ کالج اور احمدی اسکول میں ہونے والی بجلی سپلائی سے متعلق زیر زمین کیبل بچھانے کا کام علی گڑھ اسمارٹ سٹی لمیٹیڈ کے تعاون سے جاری ہے۔
پروفیسر ریحان نے مزید بتایا کہ ٹراما سنٹر کو بجلی سپلائی کے لیے ایک نیا علاحدہ فیڈر لگا دیا گیا ہے اور ٹراما سنٹر کے اہم حصوں میں بجلی سپلائی کے لیے اضافی کیبلنگ بھی کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی اسکاڈا پر مبنی ایک نیا سنٹرل سب اسٹیشن فزکس شعبہ کے قریب قائم کیا گیا ہے۔ سب اسٹیشن کا پرانا سیٹ اپ 1969 میں لگا تھا۔
بیک اپ سپلائی بڑھانے کے لیے ایڈمنسٹریٹو بلاک کے لئے 320 کے وی اے جنریٹرز لگائے گئے ہیں اور لائبریری، کینیڈی ہال، متعدد شعبہ جات اور اہم علاقوں کے لیے سب اسٹیشن بی موجود ہے۔ ان کے علاوہ علامہ اقبال ہال ، بھمولا کالونی سمیت متعدد رہائشی کوارٹرز کے داخلی تقسیم نظام کی اصلاح، ایڈمنسٹریٹیوبلاک میں سپلائی نظام ، اور اقامتی ہالوںکے ڈسٹری بیوشن پینلز کی اصلاح کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ 33 کے وی سب اسٹیشن کی جدیدکاری کا عمل جاری ہے جس سے کیمپس میں بجلی سپلائی کا نیٹ ورک بہتر ہوگا۔ پروفیسر ریحان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے مسلسل تعاون و حوصلہ افزائی اور عملے کی انتھک کاوشوں سے یہ اہم ترقیاتی کام انجام پذیر ہوئے ہیں۔
وائس چانسلر کے دورے کے موقع پر پروفیسر عفیف اللہ خاں (او ایس ڈی ڈیولپمنٹ)، ڈاکٹر محمد اجمل کفیل (ایسوسی ایٹ ایم آئی سی)، یونیورسٹی انجینئر راجیو شرما، جوائنٹ رجسٹرار مسٹر محمد عارف الدین احمد اور بجلی شعبہ کے دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔
٭٭٭٭٭٭
ایس ٹی ایس اسکول میں اولمپیاڈ جیتنے والوں کے لئے اعزازی تقریب کا انعقاد
علی گڑھ 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سیدنا طاہر سیف الدین اسکول (منٹو سرکل) میں قومی سطح کے اولمپیاڈ سمیت مختلف مسابقتی مقابلوں کے فاتحین کے لیے ایک تقسیم انعامات تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اسکول کے پرنسپل مسٹر فیصل نفیس نے کہا کہ تعلیمی سال 2022-2023 کے دوران ایس ٹی ایس اسکول نے مختلف سلور زون اولمپیاڈ کا انعقاد کیا جن میں 200 سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 33 طلباء نے مختلف اولمپیاڈ میں میڈل حاصل کیے۔
آٹھویں جماعت- اے 1 کے طالب علم آصف علی کو نیشنل سائنس اولمپیاڈ میں 25 واں زونل رینک حاصل کرنے اور امتیازی کارکردگی کے لئے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ انھوں نے انٹرنیشنل میتھ میٹکس اولمپیاڈ، انٹرنیشنل ریزننگ اینڈ اپٹیٹیوڈ اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل اور انٹرنیشنل میتھ میٹکس اولمپیاڈ میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
مسٹر فیصل نفیس نے فاتحین کو مبارکباد دیتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور امتیازی کارکردگی کے لیے سخت محنت کریں۔ انہوں نے محترمہ ثمینہ یوسف خان (اولمپیاڈ کوآرڈینیٹر) کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے طلباء کو اس طرح کی تقریبات میں حصہ لینے کے لیے تیار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
کلچرل کوآرڈنیٹر نسرین فاطمہ نے پروگرام کی نظامت کی۔
٭٭٭٭٭٭
اجمل خاں طبیہ کالج میں 15 روزہ انڈر گریجویٹ انڈکشن پروگرام
علی گڑھ 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اجمل خان طبیہ کالج میں بی یو ایم ایس طلباء کے لیے این سی آئی ایس ایم کے ٹرانزیشنل نصاب پر مبنی 15 روزہ انڈکشن پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ابوبکر خاں، سابق ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن اور سابق چیئرمین، شعبہ معالجات نے نسخہ نویسی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونانی نسخہ لکھنے کی مہارت اس پیشے کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونانی ادویات عالمی سطح پر ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبول ہو رہی ہیں۔
مہمان اعزازی پروفیسر محمد محی الحق صدیقی، سابق ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن اور سابق چیئرمین، شعبہ علاج بالتدبیر نے کہا کہ اے ایم یو میں نتائج پر مبنی تدریس اور تحقیق پر زور دیا جاتا رہا ہے اور یہاں کے ہر شعبہ کے اساتذہ قیمتی اثاثہ ہیں۔
پروفیسر شگفتہ علیم، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے کہا کہ 15 روزہ انڈرگریجویٹ انڈکشن پروگرام این سی آئی ایس ایم اور وزارت آیوش کا لازمی حصہ ہے اور اس سے شرکاء کو فائدہ ہوگا۔
اجمل خان طبیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بی ڈی خان نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے ذہن کو کھلا رکھیں اور اپنی تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ اخلاقیات کو بھی سیکھنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علم کے ایک شعبہ کے طور پر یونانی طب ان کی پہلی پسند بن جائے گی۔
قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالعزیز خان نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور این سی آئی ایس ایم کے نصاب پر گفتگو کی۔
ڈاکٹر صبا زیدی نے پروگرام کی نظامت کی ، جب کہ ڈاکٹر عمار ابن انور، کوآرڈینیٹر، انڈر گریجویٹ انڈکشن پروگرام نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
شعبہ ارضیات کے طلباء کی کامیابی
علی گڑھ 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ارضیات کے تین طلباء کو بہار پبلک سروس کمیشن، حکومت بہار کے مقابلہ جاتی امتحان میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
صدر شعبہ پروفیسر کنور فراہیم خان نے بتایا کہ منتخب طلباء میں مشکور خاں (رینک 3)، شمشاد احمد (رینک14) اور معیار الاسلام (رینک18) شامل ہیں۔
دریں اثنا آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن (او این جی سی) نے شعبہ کے دو طلباء محمد عمران اور رامیش مہدی کو آئی آئی ٹی گیٹ 2022 کے ذریعہ بطور گریجویٹ ٹرینی (جیولوجسٹس) منتخب کیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
نئے ممبر انچارج
علی گڑھ، 17 مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے پروفیسر یوسف الزمان خاں کو فوری طور سے ایک سال کی مدت کے لیے ان کی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ٹیلی فون شعبہ کا ممبر انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
ہائیپرٹینشن کا عالمی دن منایا گیا
علی گڑھ،17مئی: ہائیپرٹینشن کے عالمی دن پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کارڈیالوجی کے چیئرمین پروفیسر آصف حسن نے لوگوں کو بلڈ پریشر پر قابو پانے اور اس کے تباہ کن نتائج سے آگاہ کرنے کے لیے پوری یونیورسٹی میں بیداری مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلڈ پریشر کی گھر پر نگرانی، باقاعدگی سے چیک اپ، معا لجین کے بتائے گئے علاج پر عمل اور ہائی بلڈ پریشر سے بچنے کے لیے مناسب غذا اور جسمانی ورزش کے ساتھ تناؤ سے پاک زندگی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارماکولوجی اورطبی جانچ کے محاذ پر بہت پیش رفت ہوئی ہے اور مستقبل قریب میں ریفریکٹری ہائیپر ٹینشن پر قابو پانے کے لیے کیتھیٹر پر مبنی علاج متوقع ہے۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.