معروف وکیل ظفریاب جیلانی کے انتقال پر ملی کونسل کی تعزیت

نئی دہلی: 17/ مئی (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے رکن تاسیسی اور مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور ممتاز پی جی کالج لکھنؤ کے سابق منیجر نیز آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری ظفریاب جیلانی ایڈوکیٹ کا آج دن کے 12/ بجے لکھنؤ کے نشاط ہاسپیٹل میں انتقال ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔
جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جہاں مرحوم ظفریاب جیلانی کے سانحہئ ارتحال پر سخت غم وافسوس کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی، وہیں مرحوم جیلانی صاحب کے ساتھ اپنی گہری رفاقت پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جیلانی صاحب سے اُن کے گہرے روابط اُس وقت سے تھے جب کہ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیم وتعلّم سے وابستہ تھے۔ ڈاکٹر عالم نے جہاں انھیں ہمیشہ اپنوں کی طرح دیکھا اور اُن کے اخلاق وعادات کی ہمیشہ تحسین ورعایت کی، وہیں اپنے اس تعلق میں اس کا بھی ذکر کیا کہ وہ ہمارے ساتھ حجاز مقدس میں اپنے مناسک حج کے دوران ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہے اور الحمدللہ یہ سفر بے حد یادگار ہے۔ بلاشبہ جیلانی صاحب کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور اُن کی مختلف پلیٹ فارموں سے انجام دی گئی خدمات کی تحسین ہر سنجیدہ انسان کرے گا۔ انھوں نے آل انڈیا ملی کونسل کے کاز سے خود کو انتہائی مربوط رکھا اور کونسل کی تاسیس سے ہی حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام القاسمیؒ کے ساتھ مسلسل وابستہ رہے اور کونسل کے سیاسی وقانونی معاملات میں بھی پوری دلجمعی کے ساتھ اپنا فریضہ انجام دیا۔ مرحوم کا دیرینہ تعلق انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے ساتھ بھی بڑا مخلصانہ رہا۔ آل انڈیا ملی کونسل کے صدر حکیم محمد عبداللہ مغیثی اور سبھی پانچ نائبین صدر نے بھی گہری تعزیت پیش کی ہے۔
ملی کونسل کو اپنے اس مرکزی تاسیسی رکن پر غیرمعمولی رنج وملال ہے اور اُن کی دینی، ملی، تعلیمی، قانونی اور رفاہی خدمات کو بہ نظر تحسین دیکھتی رہی ہے۔ خداوند کریم مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور اُن کے پسماندگان نیز سبھی متعلقین کو صبر وثبات نصیب فرمائے۔
Comments are closed.