متھلانچل میں گردابی طوفان سے تباہی، آم اور لیچی کی فصل برباد، سینکڑوں درخت اکھڑگئے، بجلی سپلائی متاثر

دربھنگہ۔ ۱۹؍ مئی: (محمد رفیع ساگر) بنگال کی کھاڑی سے اُٹھے طوفان کا اثر بہار کے دربھنگہ سمیت متھلانچل کے دیگر علاقوں میں بھی دیکھنے کو ملا ہے، متھلانچل کے دربھنگہ سمیت مظفر پور، سمستی پور، مدھوبنی، سہرسہ سمیت رات بھر بجلی گل رہی، آم اور لیچی کی فصل تباہ وبرباد ہوگئی، سینکڑوں درخت اکھڑ گئے، ادھر دربھنگہ کے جالے بلاک حلقوں میں گزشتہ رات آئی گردابی طوفان کی وجہ سے سینکڑوں درخت اور پودے اکھڑ گئے ۔اس طوفان کے سبب بجلی سپلائی بھی رات بھر متاثر رہی ۔مختلف مقامات پر بجلی کے تاراور کھمبے گرگئے جس سے 8 گھنٹے سے زائد تک سروس معطل رہی۔ شام 7:30 بجے اچانک تیز گردابی طوفان کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔حالانکہ بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی لیکن آم اور لیچی کے فصل بھی برباد ہوئے ۔بارش کے سبب درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملی ہے۔ کرشی وگیان کیندر جالے کے پلانٹ پروٹیکشن سائنٹسٹ ڈاکٹر گوتم کنال کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے گرمی سے پریشان لوگوں کو گزشتہ رات ہونے والی بارش سے راحت ملی جبکہ کئی کسانوں نے اپنے باغات میں آم، لیچی وغیرہ جیسے پھل گرنے کی شکایت کی ہے۔اس سے ان کا کافی نقصان بھی ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت 4 سے 5 ڈگری تک گر گیا ہے۔ اس بارش سے آم اور لیچی کے درختوں میں لگائی گئی فصلوں کو فائدہ ہوگا۔ ضلع میں لیچی اور آم کے زیادہ تر باغات پھل پکنے کے مرحلے پر پہنچ چکے ہیں، یہ بارش ان پھلوں کو پکنے میں مدد دے گی۔ یہ بارش مونگ،کدو، تل اور سبزیوں کی فصلوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس کے ساتھ بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے لوگوں کو کچھ پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن کاشتکاروں کے کھیت خالی ہیں انہیں وہ بروقت خریف دھان کی نرسری لگانا چاہئے۔ ویسے کسان بھائی کھیت کی تیاری شروع کریں اور صحت مند پودوں کے لیے نرسری میں گوبر کی سڑی ہوئی کھاد بھی استعمال کریں۔ اگر ممکن ہو تو نرسری میں پودے لگانے کے لیے صرف تجربہ شدہ بیج ہی استعمال کریں، اس سے کیڑوں اور بیماریوں سے نجات مل جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ آم کا پکنا شروع ہوتے ہی فروٹ فلائی کا اثر نظر آئے گا۔ اس لیے کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے باغات میں پھل کی مکھی کے کنٹرول کے لیے میتھائل یوجینول کا استعمال کریں۔
Comments are closed.