نالندہ میں عظیم الشان جلسہ سے پروفیسر مولانا شکیل قاسمی کا خطاب

 

نالندہ(پریس ریلیز)سماج طرح طرح کے مسائل سے دو چار ہے ، انسان ضرورت زندگی کے حصول میں مصروف ہے لیکن ساری حصولیابی کے با وجود اس کی بے چینی دور نہیں ہو سکی ہے ۔ مالی فراوانی کے حصول کے بعد بھی ذہنی سکون کے لئے وہ ترس رہا ہے ۔ وہ کسی صالح نظام حیات کی تلاش میں ہے جس کے ذریعے اپنے آپ کو پر سکون کر سکے ۔ ہمارے پاس اللہ کی طرف سے عطا کردہ دستور حیات اور حضور اکرم کا اسوۂ حسنہ موجود ہے جو سارے مسائل کا حل اور ہمیں ساری پریشانیوں سے نجات دلانے والا ہے ۔ ؎ جسے فضول سمجھ کے بجھا دیا تو نے ، وہی چراغ جلائو تو روشنی ہو گی ۔ آج ضرورت ہے کہ امت کے افراد با لخصوص نوجوان کتاب و سنت کے پیغامات کو عملی طور پر دنیا کے سامنے پیش کریں تاکہ بے چین انسانوں کو راہ عمل مل سکے۔ وہ اس نظام حیات پر عمل کرکے اپنی زندگی کو با مقصد بنا سکے ۔ یہ انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہوگی ۔ موہنی ، نالندہ کے عظیم الشان اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ ، چیرمین فاران فائونڈیشن انڈیا نے مذکورہ خیالات کا اظہارکیا ۔
مولانا قاسمی نے دوران خطاب یہ بھی کہا کہ برادران وطن کے سامنے اسلام کے تصور انسانیت کو پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسلمان اپنے حسن اخلاق کا مظاہرہ کرے ، خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرے ۔ رسول اکرم نے ارشاد فرمایا کہ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے ۔ یاد رکھنا چاہئے کہ عبادت سے جنت ملتی ہے اور خدمت سے خدا ملتا ہے ۔

Comments are closed.