باباصاحب کا مجسمہ ہٹانے کو لیکر دلت سماج میں ناراضگی

آزاد سماج پارٹی نے مجسمہ دوبارہ لگانے کولیکر وزیر اعظم کو بھیجا میمورنڈم
دیوبند، 27؍ مئی (سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند کے قریبی گائوں بھائیلہ خورد میں روی داس مندر احاطہ سے انتظامیہ کی جانب سے بابا صاحب کے مجسمہ کو ہٹادیئے جانے کے واقعہ سے دلت سماج کے لوگوں میں زبردست ناراضگی ہے ، اسی معاملہ کو لے کر آج آزاد سماج پارٹی کے عہدیداران نے وزیراعظم نریندر مودی کو میمورنڈم ارسال کرکے کارروائی کرنے اور مجسمہ کو دوبارہ قائم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق آج آزاد سماج پارٹی کے بڑی تعداد میں عہدیداران وکارکنان ایس ڈی ایم کے دفتر پہنچے جہاں انہو ںنے ایس ڈی ایم سنجیو کمار کو ایک میمورنڈم سونپا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ گائوں بھائیلہ خورد میں واقع روی داس مندر احاطہ میں دلت سماج کے افراد نے بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکر کا مجسمہ لگایا تھا لیکن کچھ غلط ذہنیت کے افراد کی مخالفت کے بعد کئی روز قبل دیوبند انتظامیہ نے مجسمہ کو زبردستی وہاں سے ہٹوادیا ، اس وقت جب مجسمہ کو ہٹانے کی مخالفت کی گئی تو پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جس میں کئی خواتین اور بچے زخمی ہوگئے۔ اتنا ہی نہیں کئی افراد پر جھوٹے مقدمات بھی قائم کردیئے گئے۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ پولیس انتظامیہ کی اس کارروائی سے دلت سماج میں زبردست ناراضگی ہے۔ میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دلت سماج کا استحصال کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کو مذکورہ مقام پر دوبارہ لگایا جائے ۔ دلت سماج کے لوگوں پر درج کئے گئے جھوٹے مقدمات کو واپس لیا جائے اور لاٹھی چارج کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ میمورنڈم دینے والوں میں آزاد سماج پارٹی کے دیوبند اسمبلی حلقہ کے صدر روی کانت گوتم، راہل کمار، شبھم، دنیش، مونٹی، انکش، انکت کمار، سمت کمار وغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.