Baseerat Online News Portal

مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی کے احاطے میں تعمیر مسجد کی افتتاحی تقریب منعقد

امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت، ناظم امارت شرعیہ سمیت علاقے کے متعدد سینئر علماء و دانشوران کی شرکت

مدھوبنی (نمائندہ خصوصی) مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی کے احاطے میں زیر تعمیر مسجد کے کاموں کے آغاز کے لیے ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی نے کی، اس موقع پر مولانا شمشاد رحمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن و حدیث میں مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والوں کے لیے بڑی فضیلت آئی ہے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ مسجد کی تعمیر وہی لوگ کرتے ہیں جو ایمان والے ہوتے ہیں، اسی طرح حدیث پاک میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے فرمایا کہ جو شخص بھی دنیا میں اللہ کے گھر کو بنائے گا اللہ تعالیٰ اسے جنت میں عالی شان مکان دیں گے، مولانا رحمانی نے کہا کہ مساجد کی تعمیر میں حصہ لینے والوں کے لیے اتنی فضیلتیں وارد ہوئی ہیں کہ اگر کسی شخص نے کسی مسجد میں اپنے حصے کی ایک اینٹ بھی لگادی تو کل قیامت کے دن وہ اینٹ اس کے حق میں گواہی دے گا اور اس کی شفاعت کے کام آئے گا، مولانا شمشاد رحمانی نے کہا کہ تعجب ہے کہ آج ہر محلے اور ہرگلی میں پختہ مکانات ہیں لیکن اسی محلے میں مسجد کی تعمیر کے لیے ذمہ داران پریشان ہیں جب انسان اپنا گھر اپنے اکیلے کے پیسے سے بنوا سکتا ہے تو ایک محلہ کے چند لوگ مل کر ایک مسجد کی تعمیر نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ یہ اہمیت کی بات ہے کہ اگر اہل محلہ اپنے گھر سے زیادہ اللہ کے گھر کو اہمیت دینے لگیں تو مسجد کی تعمیر بالکل آسان ہوجائے گی اور اس کے لئے دوسرے شہر، دوسرے گاؤں اور دوسری ریاستوں میں دردر بھٹکنا نہیں پڑے گا، اس لئے میں اہل محلہ اور علاقہ کے ذی شعور اور تمام غیور مسلمانوں سے درخواست کرتا ہوں کہ مسجد کی تعمیر کو اپنے گھر کی تعمیر سے زیادہ اہمیت دیں انشاءاللہ کل قیامت کے دن اللہ جنت میں آپ لوگوں کے لیے عالی شان مکان بنائے گا. اس موقع پر امارت شرعیہ کے ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے کہا کہ بینی پٹی کو اس علاقے میں مرکزیت حاصل ہے اور حیرت کی بات ہے کہ مرکزی حیثیت ہونے کے باوجود اس علاقے میں مسجد کا نہ ہونا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ اس مسجد کی تعمیر علاقے کی اہم ضرورت ہے اس مسجد کی تعمیر ہونے کے بعد علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہونے کے ساتھ ساتھ مدرسہ کے طلبہ و اساتذہ کو بھی فائدہ ہوگا، انہوں نے عوام و خواص سے اپیل کی کہ وہ اس مسجد کی تعمیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جنت میں اپنا گھر بک کریں. دیگر خطاب کرنے والوں میں مدرسہ اسلامیہ محمود العلوم دملہ کے مہتمم اور قاضی شریعت مفتی اعجاز احمد قاسمی، مدرسہ چشمہ فیض ململ کے مہتمم مولانا فاتح اقبال ندوی ،معروف بزرگ عالم دین مولانا ابوقمر قاسمی برداہا، مولانا عبدالناصر سبیلی مہتمم دارالسلام اجرا ،مدرسہ اشاعت العلوم سمستی پور کے بانی و مہتمم قاری ممتاز احمد جامعی، مولانا محمد شاہد قاسمی مکیاوی، مولانا محمد اسعد ندوی وغیرہ شامل ہیں، پروگرام کا آغاز قاری مبین احمد رانی پور کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جب کہ نعت نبی کا نذرانہ شاعر اسلام اشفاق کریمی اور دانش کمال سرگم نے پیش کیا، افتتاحی کلمات مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی کے سکریٹری مولانا رضوان احمد قاسمی نے پیش کئے، پروگرام کی نظامت مولانا جاوید اختر حلیمی، مولانا عباس اور مولانا محمد اسعد ندوی نے مشترکہ طور پر انجام دیا. تقریب کی سرپرستی مدرسہ کے پرنسپل مولانا محمد نوراللہ نے کی جب کہ نگرانی کے فرائض مدرسہ کے صدر مولانا ظہور اللہ نے انجام دیئے. اس تقریب کو کامیاب بنانے میں مدرسہ کے معاون پرنسپل مولانا نصراللہ قاسمی ،مولانا محمد اظہراللہ، ماسٹر فیاض ،ماسٹر صدام اور حافظ فرید نے بھر پور تعاون کیا. اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں مدرسہ اسلامیہ سہسپور کے صدر حافظ احمدعلی، سکریٹری مولانا عبدالخالق ذاکر امینی، مولانا شمس عالم فلاحی، راجد یوتھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد آصف، راجد کے یوتھ لیڈر عارف عنبر جیلانی، ذیشان اختر ململی، مولانا اسعد اللہ قاسمی وغیرہ قابل ذکر ہیں.

Comments are closed.