مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی صدارت میں مسلم پرسنل لاء بورڈ مزید مستحکم اور فعال ہوگا : قاری محمد احمد جمالی مشہود منزل مکیا میں منعقد تہنیتی نشست میں علمائے کرام نے پیش کیا مولانا رحمانی کو مبارکباد

مدھوبنی (نمائندہ خصوصی) فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی صدارت میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مزید مستحکم اور فعال ہوگا، ملک کی موجودہ نازک صورت حال کے پیش نظر اراکین بورڈ کا یہ انتخاب بورڈ کے لئے انتہائی نیک فال ہے، ان خیالات کا اظہار مکیا کے امام وخطیب، مسجد حضرت علی شاہ پور کے صدر ورکن خاص مسجد حضرت ابوبکر صدیق قاری محمد احمد جمالی نے مشہود منزل مکیا میں منعقد تہنیتی نشست کو خطاب کرتے ہوئے کیا، اس نشست کے انعقاد کا مقصد فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کرنا تھا، اس نشست کی صدارت دارالعلوم وقف دیوبند کے سابق استاذ مولانا محمد رضوان احمد قاسمی نے کی، مولانا رضوان احمد قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ایک متبحر عالم دین ہیں، ملکی اور عالمی حالات پر گہری نگاہ رکھتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے کاموں کا سب سے طویل تجربہ رکھتے ہیں ایسے میں مولانا کو بورڈ کا صدر منتخب کرنا بورڈ کے اراکین کا انتہائی دانشمندانہ فیصلہ ہے جس کی ہم سب تحسین کرتے ہیں اور نومنتخب صدر کے ساتھ تمام اراکین بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس موقع پر جامعہ ام المومنین عائشہ للبنات کے بانی و ناظم مولانا محمد شاہد قاسمی نے کہا کہ مرشدالامت مولانا محمد رابع حسنی ندوی کے انتقال کے بعد ملکی سطح پر مسلم قیادت میں جو خلا ہوا تھا مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ہی کی شخصیت اس خلا کو بہترین انداز میں پر کرسکتی ہے، مولانا کا انتخاب بورڈ کے محبین و منتسبین کے لیے انتہائی خوشی کا مقام ہے اور اس موقع پر اراکین بورڈ اس قابل تحسین اقدام کے لئے لائق مبارکباد ہیں، جامعہ عائشہ للبنات کے شیخ الحدیث مولانا شوکت قاسمی نے بھی اس انتخاب کو منجانب اللہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے مولانا رحمانی کی صحت و سلامتی کے ساتھ درازی عمر کی دعا کی اور کہا کہ جب تک امت میں ایسے جہاں دیدہ عالم موجود رہیں گے امت مسلمہ کی قیادت کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے، اس نشست میں بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد قاسمی ،مدرسہ اصلاح المسلمین بینی پٹی مدھوبنی کے معاون پرنسپل مولانا نصراللہ قاسمی ،جامعہ رحمت العلوم منتی کے مہتمم مولانا جاوید اختر حلیمی ،حافظ عمران رام کھیتاری وغیرہ موجود تھے، ان سبھوں نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو مبارک باد پیش کی، آخر میں مولانا شوکت قاسمی کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا.
Comments are closed.