بہار کے معروف عالم دین مفتی قمر عالم قاسمی کا انجمن باشندگان بہارممبئی نے کیا پرتپاک استقبال

اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے علم کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے : مفتی قمر عالم قاسمی

ممبئی (پریس ریلیز) دنیا میں اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے علم کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے، اللہ نے اپنے محبوب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر جو سب سے پہلی وحی نازل کی اس میں پڑھنے کا ہی حکم دیا گیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج کا مسلمان علم سے اتنا ہی دور ہوگیا ہے، ان خیالات کا اظہار مفتی محمد قمر عالم قاسمی انجمن باشندگان بہارممبئی کے مرکزی دفتر ناگپاڑہ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا میں ترقی کا واحد ذریعہ علم ہے اور اسلام میں علم کی کوئی تفریق نہیں ہے بلکہ ہر وہ علم جو اللہ اور اس کے رسول تک پہنچائے اور جو انسانیت کے لئے نفع بخش ہو وہ علم سیکھنا ضروری ہے، مفتی قمر عالم نے مزید کہا کہ آج کے دور میں جب کہ ہماری نوجوان نسل دین سے دور ہوتی جارہی ہے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ اسکول کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کے لئے دینی تعلیم کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ دنیا کے ساتھ ساتھ دینی ترقی بھی کرسکیں، واضح رہے کہ تقریب کی صدارت مولانا عبدالسلام خان قاسمی نے کی جبکہ قاری قمر رضا اشرفی نے قرآن مجید کی تلاوت کی، علامہ بنی نعیم حسنی نے مہمان اور حاضرین کا مختصر تعارف کرایا، اس تقریب کا انعقاد انجمن باشندگان بہارممبئی کے جنرل سکریٹری محمود حکیمی نے کیا تھا، تقریب میں امام الہند فاؤنڈیشن کے صدر مولانا نوشاد قاسمی، اردو کارواں کے صدر فرید خان، عبدالودود شیخ، جوائنٹ سکریٹری عقیل شیخ، خازن وصی احمد شیخ، پرویز صدیقی، مظہر الاسلام، مظفر عالم ،عبدالمجید راہی، معاویہ سونیسرا وغیرہ موجود تھے.

Comments are closed.