جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے سابق صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی کےانتقال پر ناگپاڑہ میں تعزیتی نشست کا انعقاد

ممبئی (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے سابق صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی کا چند دنوں پہلے انتقال ہوگیا ، جس کی وجہ سے علمی ،سیاسی، سماجی اور ملی حلقوں میں بے پناہ غم کا ماحول ہےاور جگہ جگہ قرآن خوانی، ایصال ثواب اور تعزیتی نشست کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی گزشتہ شب زینتھ ہال ناگپاڑہ میں احتساب فاؤنڈیشن کے بانی MLA رئیس قاسم شیخ و اراکین ایجوکیشنل اینڈ ویلفئیرفاؤنڈیشن (پی ٹی مانے گارڈن ،ناگپاڑہ ) کی جانب سے منعقد کی گئی تعزیتی نشست تھی ، جس میں عمائدین ملت اور معززین شہر کثیر تعداد میں جمع ہوئے. فرید خان نے بڑی حسن و خوبی کے ساتھ حضرت مرحوم کی تعزیت پر ہونے والی اس مجلس میں سب کا استقبال کیا اور نظامت کے فرائض بھی انجام دیے، اس نشست کا آغاز مفتی توصیف صاحب کی تلاوت قرآن سے ہوا، اس کے بعد حضرت مرحوم کے فرزند ارجمند مولانا عارف عمری کی اپنے والد صاحب پر لکھی تحریر مجمع کے سامنے پڑھی گئی ، جس سے حضرت کی زندگی اور ان کی ہمہ جہت شخصیت کا خاکہ ذہن میں ابھر کر سامنے آگیا ،در اصل ہونہار بیٹے اپنے حج کے سفر پر ہونے کی وجہ سے مجلس میں موجود نہ تھے ، لیکن ان کی تحریر سے حرف حرف ان کی قلبی توجہ کا احساس دلا رہا تھا،اس کے بعد تمام شرکاء مجلس نے یکے بعد دیگرے حضرت مرحوم کے تئیں اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کیا اور سب نے دل کی عمیق گہرائیوں سے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ، جس میں قابل ذکر مولاناحلیم اللہ قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر سرفہرست ہیں، انہوں نےقدرےتفصیل کےساتھ مولانا اعظمی کی علمی وفکری شان اورجمعیۃ علماءسے مرحوم کی تاعمروابستگی اوراس کے کارکنان سےبےلوث محبت اوراپنی ذاتی رفاقت میں مولانا اعظمی مرحوم کی عنایات، بزرگی، اولوالعزمی تواضع، انکسار،وسعتِ ظرفی اور ذرہ نوازی کابہت ہی دلنشین پیرائےمیں تذکرہ فرمایا، نیز مولاناحلیم اللہ قاسمی نےاپنی گفتگومیں بتایا کہ مولانامرحوم بڑی خوبیوں اور کمالات کےحامل تھے، اگرایک طرف آپ روشن دماغ خطیب اور مجمع کواپنی باتوں سے متاثر کردینے والے مقررتھےتودوسری طرف صاحبِ طرز ادیب تھےجس کاپتہ آپ کےان مقالات ومضامین سےچلتاہےجسےافادۂ عوام وخواص کےلئےمتاعِ نقدونظرکےنام سےترتیب دےکرآپ کےفرزندِاکبر مولانا محمدعارف عمری نےشائع کروایاہے۔
اس تعزیتی نشست میں اظہار خیال کرنے والے اہم افراد میں رکن اسمبلی رئیس شیخ بانی احتساب فاؤنڈیشن، سعید خان ایجوکیشنل ویلفیئر فاؤنڈیشن، مشیر انصاری، ایڈووکیٹ زبیر اعظمی، ڈاکٹر سلیم خان ،فرید شیخ ممبئی امن کمیٹی، محمد فاروق اصلاحی، انجمن طلبہ قدیم مدرسۃ الاصلاح مہاراشٹر یونٹ شامل تھے.
اس تعزیتی نشست میں مدنپورہ ،ناگپاڑہ ،بھنڈی بازار اور بھیونڈی کی اہم سماجی شخصیات موجود تھیں، اہم سماجی وملی افراد میں مولانا محمود دریابادی ،ارشد صدیقی ،مفتی لیاقت علی قاسمی، مولانا محمود احمد فیضی، اور عرب مسجد کے امام و خطیب مولانا امیر عالم شامل تھے، ان کے علاوہ مولانا اعظمی مرحوم کے بھتیجے و داماد محمد حاکم عبدالحلیم اور محمد سالم عبدالحلیم موجود تھے. شہباز صدیقی نائب صدر ایجوکیشنل ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پی ٹی مانے گارڈن کمیٹی کی نمائندگی کی، ان کے ہمراہ منیرخان دیگر اراکین بھی موجود تھے.
Comments are closed.