ایران: ڈنمارک کے سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی
قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والوں کا بھی اور اس کا امکان فراہم کرنے والی حکومت کا بھی حساب دینا ضروری ہے: ایران وزارت خارجہ

بصیرت نیوزڈیسک
ایران نے ڈنمارک میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف ردعمل کے اظہار کے لئے اس ملک کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن چینل کے مطابق تہران میں ڈنمارک کے سفیر جیسپر واہر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف ایران کے اعتراضات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
احتجاجی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہم، قرآن کریم اور اسلامی مقدسات کے خلاف متواتر جاری حملوں کی شدید مذّمت کرتے ہیں۔ مقدس کتابوں کو نذرِ آتش کرنے کو اظہارِ بیان کی آزادی کہہ کر جائز قرار نہیں دیا جا سکے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اس فعل کے فاعلوں کا بھی اور اس کا امکان فراہم کرنے والی حکومت کا بھی حساب دینا ضروری ہے”۔
احتجاجی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہم، ڈنمارک حکومت سے اس نوعیت کے اقدامات کی تکرار کے سدّباب کے لئے تدابیر اختیار کرنے کی اور قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والوں کو سخت ترین سزائیں دینے کی توقع رکھتے ہیں۔
ڈنمار کے سفیر ’واہر ‘نے قرآن کریم کی بے حرمتی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ ڈنمارک وزارت خارجہ نے اس اقدام کی کھُلے الفاظ میں مذّمت کی اور اسے ایک خوفناک فعل قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اعتقادات کی بے حرمتی’نہایت شرمناک اقدام ہے‘، ڈنمارک کو ایران کے اعتراضات سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ڈنمارک کے اسلام مخالف اور انتہائی قوم پرست گروپ ’ ڈانسکے پیٹریاٹر‘ نے ترکیہ کے کوپن ہیگن سفارت خانے کے سامنے ترک پرچم اور قرآن کریم پر حملہ کیا تھا اور 21 جولائی کو عراق کے کوپن ہیگن سفارت خانے کے سامنے پولیس کی نگرانی میں قرآنِ کریم کو نذرِ آتش کر دیا تھا۔
Comments are closed.