جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے پنجاب سیلاب متاثرین کے درمیان راحت رسانی اور راشن تقسیم کا کا عمل جاری

دیوبند،24؍ جولائی(سمیر چودھری؍بی این ایس)
جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور صدر جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب مولانا علی حسن مظاہری کے حسبِ ایماء پر ان دنوں سیلابی پانی سے متاثر پنجاب کے مختلف اضلاع پٹیالہ،فیروزپور،جالندھر اور کرتارپور وغیرہ میں راحت رسانی اور راشن تقسیم کا کام ہو رہا ہے۔گذشتہ کل مفتی محمد عارف لدھیانوی مفتی شہر لدھیانہ و صدر جمعیۃ علماء لدھیانہ کی قیادت میں جمعیۃ علماء لدھیانہ کا ایک وفد پٹیالہ کے گوپال کالونی،گووند باغ اور بوت مندر وغیرہ مختلف مقامات پر پہنچا اور مسلم و غیرمسلم مستحق لوگوں کو ان کے گھر پہنچ کر راشن تقسیم کیا گیا۔حاجی محمد فرقان خازن جمعیۃ علماء لدھیانہ نے کہا کہ سامان تقسیم کرتے وقت ایک مفلوک الحال شخص نے بتایا کہ ان کے گھر کی چھت تک پانی پہنچ گیا تھا اور جو کچھ گھر میں رکھا تھا،سب ختم ہو کر رہ گیا ہے اور بعض عورتوں کے آنسوؤں اور سامان سے لدی جمعیۃ علماء لدھیانہ کی تین گاڑیوں کی جانب ان کی دوڑ سے صاف محسوس ہو رہا تھا کہ پانی اتر جانے کے چار پانچ روز بعد بھی یہ لوگ کس درجہ محتاجگی کی زندگی گزار رہے ہیں۔مفتی محمد عارف لدھیانوی نے ندی کے کنارے جھگیوں میں رہائش پذیر مسلم اور غیرمسلم لوگوں کے درمیان پہنچ کر انہیں حوصلہ دلایا اور کہا کہ جمعیۃ علماء لدھیانہ و پنجاب اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہے اور آپ کے مالی و اخلاقی تعاون کی کوششیں آگے بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے ، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سب کو اس صورت حال سے نجات مل جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرتی آفت ہے جس میں سب کو مل جل کر متأثرین کی مدد کرنی چاہئے۔ انہو ںنے یہ بھی کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ صرف حاجت مندوں کی حاجت روائی کرنے کا حکم دیا ہے بلکہ عملی طورپر آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود بھی ہمیشہ غریبوں ، یتیموں ، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے تھے، لہٰذا ہمیں اپنی زندگی کو اس انداز سے گزارنے کی کوشش کرنی چاہئے کہ دین اور دنیا کی خوشنودی کے ساتھ ساتھ دلی اطمینان بھی حاصل ہو ، یہی حقیقی زندگی ہے۔ مفتی محمد نعمان صدر جمعیۃ علماء پٹیالہ،مفتی محمد راشد مہتمم مدرسہ اسلامیہ تیز باغ کالونی پٹیالہ،انجینئر محمد یونس پٹیالہ اور سماجی کارکن محمد اعظم پٹیالہ وغیرہ نے جمعیۃ علماء لدھیانہ کے وفد کو متأثرہ علاقوں کا دورہ کرایا اور وفد کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں جمعیۃ علماء لدھیانہ کے بیس کے قریب کارکنان شامل تھے،جن میں پرویز عالم صدر منتظمہ کمیٹی مسجد عمرفاروق ،محمد سعدین،حاجی محمد عابد،تحسین ملک،حاجی محمد انصار مسجد ابوبکر صدیق لدھیانہ،محمد مصطفی،شاہ رخ اور محمد افضل وغیرہ کے نام شامل ہیں۔
Comments are closed.