عظیم انور خان نے کیا ضلع کا نام روشن، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں انگریزی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر گولڈمیڈل سے سرفراز

شاہ گنج، جونپور(اشرف جونپوری)
مشرقی اترپردیش میں واقع ضلع جونپور کی شناخت علم و ہنر کے ایک اہم مرکز کے طور پر ہوتی رہی ہے،یہ وہ خطہ ہے جہاں ایک سے بڑھ کر ایک عالم، فاضل، فلسفی، ماہر قانون، سائنس داں سمیت آئی اے ایس و آئی پی ایس افسروں نے جنم لیا ہے، یہی وجہ ہے کہ جونپور کو شیراز ہند بھی کہا جاتا ہے، اور اب اس فہرست میں عظیم انور خان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔
جونپور شہر سے تقریبا ۳۰ کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع شاہ گنج تھانہ حلقہ کے صبرحد گاؤں رہائشی عظیم انور خان فی الحال راجیہ سبھا سکریٹریٹ میں سکریٹری کے عہدہ پر تعینات ہیں،حال ہی میں جواہر لعل یونیورسٹی نے عظیم انور خان کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی ہے، عظیم کو جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں منعقد صد سالہ کانووکیشن کے موقع پر شعبہ انگریزی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر نائب صدر جمہوریہ ہند جناب جگدیش دھنکھڑ کے ہاتھوں سند و دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینا کے ہاتھوں سونے کا تمغہ ودیکر اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ عظیم انور خان نے اپنی ابتدائی تعلیم گاؤں کے ہی مدرسہ فاروقیہ میں حاصل کی ہے، حفظ قرآن مکمل کرنے کے بعد اعلی تعلیم کیلئے ایشیا کی مشہور و معروف دینی درسگاہ ندوۃ العلماء لکھنؤ اور پھر جامعہ ملیہ اسلامیہ و جے این یو کا رخ کیا،راجیہ سبھا سکریٹریٹ میں اپنی خدمات انجام دینے والے عظیم انور خان نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے اپنی کامیابی کا مکمل سہرا اپنے والد ماسٹر انور خان سمیت والدہ اور بھائیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے نائب صدر کے ہاتھوں اعزاز ملنا میرے لئے باعث فخر ہے، وہیں اس خبر کے گاؤں پہنچتے ہی عظیم انور خان کے گھر پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگا ہوا ہے،اس موقعہ پر خاص طور پر جونپور کی ندوی برادری نے مبارکباد کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات بھی پیش کی ہیں۔
Comments are closed.