مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

شعبہ معالجات نے مفت طبی کیمپ منعقد کیا
علی گڑھ، 25 جولائی: فیکلٹی آف یونانی میڈیسن ، اے ایم یو کے شعبہ معالجات نے اجمل خان طبیہ کالج اسپتال کے احاطے میں ’’ذیابیطس اور میٹابولک سنڈروم‘‘ پر مرکوز ایک مفت میڈیکل اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ کیمپ جی 20 یونیورسٹی کنیکٹ پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا۔ اس دوران 144 مریضوں کی جانچ کی گئی۔ اس میں 77 افراد کی میٹابولک سنڈروم اور سی او پی ڈی کی جامع اسکریننگ کی گئی۔
پروفیسر تبسم لطافت، پروفیسر تنزیل احمد اور پروفیسر بدر الدجیٰ خاں کی نگرانی میں کیمپ منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر جے عظمت، ڈاکٹر مرسلین نصیر اور ڈاکٹر ایس جاوید علی نے مریضوں کو مشورے دئے اور غذائیت اور طرز زندگی کے سلسلہ میں انھیں ضروری باتیں بتائیں ۔
شعبہ کے جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر عارضہ پروین، ڈاکٹر سعید الرحمان، ڈاکٹر محمد مشفق، ڈاکٹر حمیرا بانو اور ڈاکٹر حمزہ احمد نے اسکریننگ کی۔ مزید برآں، تمام مریضوں کو شعبہ معالجات کی اوپی ڈی سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
کیمپ کے انعقاد میں احمر معراج، عارف خان، جنید علی اور ونود سمیت غیر تدریسی عملہ کے اراکین نے تعاون کیا۔
٭٭٭٭٭٭
جے این ایم سی کے ڈاکٹروں نے 10 سالہ لڑکے کی پیچیدہ سرجری کامیابی کے ساتھ کی
علی گڑھ، 25 جولائی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کارڈیوتھوراسک سرجنوں کی ٹیم نے علی گڑھ کے ایک 10 سالہ لڑکے کنشک کے دل میں پیدائشی نقص کو دور کرنے کے لیے اس کی پیچیدہ سرجری کی۔ کامیاب سرجری کے بعد اسے مستحکم حالت میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
کارڈیوتھوراسک سرجری شعبہ کے چیئرمین پروفیسر محمد اعظم حسین ، ڈاکٹر شمائل ربانی اور ڈاکٹر غضنفر نے بتایا کہ کھانا کھلانے پر کنشک کا رنگ نیلا پڑ جاتا تھا اور اس کا وزن نہیں بڑھ رہا تھا، جس کے باعث اس کے والدین نے متعدد جگہوں پر اسے دکھایا مگر کوئی راحت نہیں ملی۔
بعد میں ڈسٹرکٹ ارلی انٹروینشن سینٹر ، جے این ایم سی کے توسط سے انھوں نے انٹر ڈپارٹمنٹل پیڈیاٹرک کارڈیئک سنٹر (آئی پی سی سی)، اے ایم یو کے پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر شاد عبقری اور ڈاکٹر معاذ قدوائی کو دکھایا، جنہوں نے اپنی تشخیص میں پایا کہ کنشک کے دل میں پیدائش سے ہی خرابی ہے۔ صرف تین چیمبر ٹھیک ہیں اور دل میں سوراخ ہے ۔چوتھے چیمبر کی نشو و نما نہیں ہوئی ہے۔ کارڈیئک ریڈیولوجی کے ایکسپرٹ ڈاکٹر مہتاب احمد نے اس کا کارڈیئک سی ٹی کیا جس سے پیچیدگی اور واضح ہوگئی۔
پروفیسر اعظم حسین نے بتایا کہ راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم (آر بی ایس کے) کے تحت یہ سرجری دو مرحلوں میں کی گئی، پہلی سرجری 2021 میں اور دوسری جولائی 2023 میں۔
ڈاکٹر غضنفر نے بتایا کہ پچھلے کچھ برسوں میں آر بی ایس کے کے تحت جے این ایم سی میں 500 سے زائد مفت کارڈیئک سرجری کی جاچکی ہے۔
ڈاکٹر شاد عبقری، نوڈل آفیسر، آئی پی سی سی نے کہا کہ جے این ایم سی میں بچوں کی ایک طویل انتظار ی فہرست ہے جنہیں کارڈیئک مداخلت کی ضرورت ہے ۔
پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن اور پروفیسر حارث منظور، پرنسپل و سی ایم ایس، جے این ایم سی ایچ نے مذکورہ سرجری میں شامل ڈاکٹروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے کہ جے این ایم سی کے ڈاکٹر تکنیکی طور پر مشکل اور مہنگی سرجری مفت میں کر رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں اسرو-اسٹارٹ پروگرام کے لیے نوڈل سینٹر قائم
علی گڑھ، 25 جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹرڈسپلینری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنز کو ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اِسرو)کے خلائی سائنس و ٹکنالوجی بیداری ٹریننگ (اسٹارٹ) پروگرام کے لیے نوڈل سینٹر بنایاگیا ہے، جس کا افتتاح گزشتہ 20 جولائی کو شعبہ کے احاطے میں ہوا۔
اسٹارٹ پروگرام اِسرو کی ایک جدید آن لائن تربیتی پہل ہے، جس کا مقصد سائنس و ٹکنالوجی کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو خلائی سائنس و ٹکنالوجی کی دلچسپ دنیا سے متعارف کرانا ہے۔ یہ پروگرام اِسرو کے تجربہ کار سائنسدانوں کے ذریعے منعقد کیا جائے گا، جس میں خلائی سائنس کے متنوع شعبوں جیسے کہ فلکیات، سیاروں کی سائنس، ہیلیو فزکس، ماحولیاتی سائنس، مائیکرو گریوٹی سے متعلق مطالعات اور خلائی ٹکنالوجی کی گہرائی سے معلومات فراہم کی جائیں گی ۔
صدر شعبہ اور نوڈل سنٹر کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر حارث حسن خاں نے کہا کہ یہ تعاون خلائی سائنس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لئے بہت سودمند ثابت ہوگا اور اس شعبہ میں نوجوان ماہرین تیار ہوں گے جو خلائی سائنس و ٹکنالوجی میں ہندوستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انھوں نے مزید کہاکہ اسرو -اسٹارٹ پروگرام کا بنیادی مقصد خلائی سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں ہنر مند انسانی وسائل کو فروغ دینا ہے ۔ اس سے خلائی تحقیق میں طلباء کی شرکت بڑھے گی ۔
افتتاحی تقریب کے مہمان اعزازی پروفیسر کنور فراہیم خاں، چیئرپرسن، شعبہ ارضیات نے اسرو کے ساتھ تال میل کے لیے انٹرڈسپلینری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سینسنگ اینڈ جی آئی ایس ایپلی کیشنز کی کوششوں کی تعریف کی، جس کے نتیجے میں نوڈل سینٹر کا قیام عمل میں آیا۔
ارتھ سائنسز میں ریموٹ سینسنگ ایپلی کیشنز کے ماہر پروفیسر سید احمد علی نے اے ایم یو میں سائنس و ٹکنالوجی کے تمام طلباء پر زور دیا کہ وہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی خلائی سائنس کی مہارتوں اور علم کو تیز کرنے کے لیے اسرو-اسٹارٹ پروگرام کی ای-کلاس میں داخلہ لیں۔
ڈاکٹر حارث حسن خاں نے ایک پریزنٹیشن دیا جس میں انھوں نے خلائی سائنس کی جدید ترین ٹکنالوجیز پر روشنی ڈالی۔
افتتاحی پروگرام کی نظامت ڈاکٹر تنزیل نے کی اور ڈاکٹر رضوان احمد نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
شعبہ عربی میں شجرکاری
علی گڑھ، 25 جولائی: شعبہ عربی ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وسیع وعریض میدان ـ’’ باغ علی ‘‘ میں صدر شعبہ عربی پروفیسر محمد ثناء اللہ ندوی کی موجودگی میں شجر کاری کی گئی جس میں کثیر تعداد میں شعبہ کے طلباء واساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر شعبہ نے کہا کہ صحت وصفائی ہماری زندگی کا اثاثہ ہیں، ماحولیاتی آلودگی آج دنیا کے لئے ایک بڑا چیلینج ہے جس کو شجر کاری کے ذریعہ کم کیا جاسکتا ہے ۔
پروفیسر ثناء اللہ نے مزید کہاکہ صاف ہوا، صاف پانی،ترقی کے لئے قدرتی وسائل کا متناسب استعمال اور صحت مند ماحولیات ہماری ذاتی اور ادارہ جاتی زندگی کوقدرت سے قریب اور خوشگوار بناتی ہیں۔ جی 20 کی میزبانی کے تحت اس سمت میں ہمارا ملک اس وقت پوری دنیا کی رہنمائی کررہا ہے ۔ شجرکاری سے تعلیمی اداروں کو صحت اور خوبصورتی ملتی ہے اور ہماری مسلم یونیورسٹی اس سلسلہ میں ایک خوبصورت مثال پیش کرتی ہے۔
اس موقع پر پروفیسر فیضان احمد، پروفیسر محمد سمیع اختر فلاحی ،پروفیسر فیضان بیگ، پروفیسر تسنیم کوثر قریشی اورڈاکٹر عبد الجبار قاسمی نے مختلف پودے لگائے۔
٭٭٭٭٭٭

Comments are closed.