مولانا سہیل احمد ندوی ملی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہا کرتے تھے:افتخار احمد نظامی

پٹنہ:۲۵ جولائی(پریس ریلیز)
اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشنس ،پھلواری شریف،پٹنہ کے منیجنگ ڈائرکٹر مولانا افتخار احمد نظامی صدر ادارہ فلاح المسلمین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانا سہیل احمد ندوی کا کٹک اڈیشہ میں انتقال ہوگیا۔انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔مولانامحترم یکساں سول کوڈ کے خلاف تحریک کے سلسلے میں جھارکھنڈ اور اڈیشہ کے دورہ پر تھے ۔دوران سفر کٹک کی ایک مسجد میں نماز ظہر کے لیے قیام فرمایا اوروہیں سجدہ کی حالت میں انتقال کرگئے۔وفات کی یہ صورت حال ان کے لیے فال نیک ہے اوران شاء اللہ یہ مغفرت ربانی کی طرف اشارہ بھی ہے۔مولانا سے میرے ذاتی تعلقات تھے۔ان کی اچانک موت کی خبر سن مجھے ذاتی طور پر بڑا صدمہ ہوا ہے۔ آپ ملت کے لیے قیمتی اور بیش بہا سرمایہ تھے ۔انتہائی فعال اور متحرک انسان تھے۔ملت کے کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہا کرتے تھے۔مولانا کے انتقال سے بڑاملی خسارہ ہواہے۔اللہ رب العزت ان کا نعم البدل عطاکرے۔مولاناکے چھوٹے بڑے سب سے اچھے تعلقات وروابط تھے ۔میں گرچہ ان سے عمر میں بہت چھوٹا ہوں، پھر بھی وہ مجھے بڑی محبت سے بھیا کہہ کر پکارتے تھے۔پوری زندگی انہوں نے امارت شرعیہ اورملت کی خدمت میں گزاری ۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اعلیٰ علیین میں جگہ دے۔پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین
Comments are closed.