متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں سیاحوں کا دوسرا بڑا مرکز ہے: امریکی ریسرچ رپورٹ

بصیرت نیوزڈیسک
امریکی ریسرچ کمپنی ’اسکیفٹ‘ نے کہا ہے کہ ’2022 کے دوران متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں سیاحوں کا دوسرا بڑا مرکز رہا‘۔ ریسرچ کمپنی کا ہیڈکوارٹر نیویارک میں ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق 2022 کے دوران متحدہ عرب امارات میں غیرملکی سیاح اس سے کہیں زیادہ تعداد میں آئے جتنا کہ 2019 کے دوران آئے تھے۔
امریکی کمپنی نے جو سیر سیاحت کے حوالے سے اعدادوشمار جمع کرکے پیش کرنے میں معتبر مانی جاتی ہے کہا ہے کہ ’امارات نے دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں فروغ سیاحت کے حوالے سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 2022 کے دوران 23 ملین غیرملکی سیاح امارات آئے‘۔
امریکی کمپنی کی رپورٹ کے مطابق ’جون 2023 کے اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ امارات نے ایک ہی چھلانگ میں کئی سیڑھیاں عبور کرلی ہیں‘۔
امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ ’بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے امارات مشرق وسطی میں سب سے اوپر ہے جبکہ کووڈ 19 کے اثرات سے تیزی سے نجات حاصل کرنے والے ممالک میں آسٹریا دنیا بھر میں اول ہے۔ جمہوریہ ڈومینیکن تیسرے نمبر پر اور اینڈورا اور ہالینڈ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں‘۔
امریکی کمپنی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’دبئی کی سیاحتی کارکردگی شاندار رہی۔ یہاں 2022 کے دوران جنوری سے دسمبر تک 14.36 ملین سیاح آئے۔ 2021 کے اسی عرصے کے دوران 97 فیصد زیادہ تعداد میں آئے‘۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’دبئی میں سال رواں کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 6.02 ملین غیرملکی سیاح پہنچے جبکہ 2022 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 5.1 ملین سیاح آئے تھے۔ یعنی 18 فیصد زیادہ آئے‘۔
امریکی کمپنی نے توجہ دلائی ہے کہ ’سال رواں کے جنوری سے لے کر اپریل تک دبئی آنے والے غیرملکی سیاحوں میں انڈین سرفہرست رہے۔ انڈیا سے 8 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ سیاح دبئی آئے۔ روس 4لاکھ 74 ہزار سے دوسرے، برطانیہ 3 لاکھ 91 ہزار سے تیسرے اور سعودی عرب 3 لاکھ 52 ہزار سے چوتھے نمبرپر رہا‘۔
Comments are closed.