Baseerat Online News Portal

آج سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس، نائب صدرجمہوریہ نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت پر قومی پرچم لہرایا

 

نئی دہلی ۔۱۷؍ستمبر: مرکزی حکومت کا ۱۸سے ۲۲ستمبر تک پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس کل (یعنی) سے شروع ہورہا ہے۔نائب صدر جمہوریہ ہند جگدیپ دھنکھڑ نے اتوار کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس پر قومی پرچم لہراتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دور کی تبدیلی کا گواہ بن رہا ہے اور دنیا ہندوستانی طاقت، صلاحیت اور شراکت کو تسلیم کر رہی ہے۔نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے صحن کے گیٹ پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بھی موجود تھے۔نائب صدر نے اسے’’ترقی کے سفر میں ایک تاریخی لمحہ اور سنگ میل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک دور کی تبدیلی کا گواہ بن رہا ہے، اور دنیا ہندوستان کی طاقت، صلاحیت اور شراکت کو پوری طرح سے تسلیم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا ’’آج ہم ایک ایسے وقت میں ہیں جہاں ہم ترقی اور کامیابیاں دیکھ رہے ہیں جن کا ہم نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔ ہماری زمینی حقیقت آج عالمی سطح پر انتہائی مثبت انداز میں ظاہر ہو رہی ہے۔اس موقع پر مرکزی وزراء، مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ، راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے جنرل سکریٹریز اور سکریٹریٹ کے عہدیدار موجود تھے۔بتادیں کہ اس دوران چار بل پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔راجیہ سبھا کی طرف سے ۱۳ ستمبر کو جاری کردہ پارلیمانی بلیٹن میں یہ جانکاری دی گئی تھی۔ اجلاس کے پہلے دن یعنی آج ۱۸ ستمبر کو راجیہ سبھا میں ۷۵سال کے پارلیمانی سفر، کامیابیوں، تجربات، یادوں اور اسباق پر بحث ہوگی۔دوسری طرف، پوسٹ آفس بل ۲۰۲۳ اور چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنروں کی تقرری سے متعلق بل راجیہ سبھا میں پیش کیے جائیں گے۔ یہ دونوں بل راجیہ سبھا میں پیش کیے جانے کے بعد لوک سبھا میں رکھے جائیں گے۔اس کے علاوہ ایڈوکیٹس ترمیمی بل ۲۰۲۳اور پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل بل ۲۰۲۳لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ ان دونوں بلوں کو راجیہ سبھا نے تین اگست کو مانسون اجلاس کے دوران منظور کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں چار اگست کو لوک سبھا میں پیش کیا گیا لیکن منی پور معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے یہ بل منظور نہیں ہو سکےتھے۔ یہ 4 بل پارلیمنٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

Comments are closed.