Baseerat Online News Portal

ایکس (سابق ٹوئٹر) فرضی خبروں کا سب سے بڑا ذریعہ ہے: یورپی یونین

 

بصیرت نیوزڈیسک

ایک اعلیٰ یورپی اہلکار نے منگل کے روز کہا کہ سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس (سابق ٹوئٹر) فرضی خبروں کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ یورپی کمیشن کی نائب صدر ویرا جورووا نے کہا کہ ’’غلط معلومات والی پوسٹس کا سب سے بڑا تناسب ایکس پر‘‘پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اشتہاری کمپنیوں پر فرضی خبروں کے خلاف کریک ڈاؤن اور انہیں روکنے کے لیے یورپی یونین نے، جو وسیع تر ضابطہ اخلاق وضع کیا ہے، ایلون مسک کی کمپنی نے اس پر ابھی تک دستخط نہیں کیے ہیں۔

جورووا نے سن 2022 کے ضابطہ اخلاق کی تجدید کے حوالے سے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایلون مسک اس کے ’’دائرہ اختیار میں‘‘ نہیں ہیں، کیونکہ ان کی کمپنی ضابطہ اخلاق سے باہر ہے۔

غلط معلومات یا فرضی خبروں سے متعلق یہ ضابطہ اخلاق ریگولیٹری معیارات کا ایک مجموعہ ہے، جسے گوگل، ٹِک ٹاک، مائیکروسافٹ اور میٹا جیسی کمپنیاں یورپی یونین میں فرضی خبروں سے نمٹنے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ اسے پرانے ورژن پر تیار کیا گیا ہے، جو پہلی بار سن 2018 میں شائع ہوا تھا۔

جورووا کا کہنا تھا، ’’سخت قانون کے تحت کچھ ذمہ داریاں دی گئی ہیں، لہذا ٹویٹر کے لئے میرا پیغام یہ ہے: ’آپ کو سخت قانون کی تعمیل کرنی ہو گی اور ہم دیکھیں گے کہ آخر آپ کیا کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سلوواکیہ میں 30 ستمبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات اور پولینڈ میں 15 اکتوبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی وجہ سے ٹوئٹر پلیٹ فارمز کے آن لائن مداخلت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے یہ بات مزید اہم ہو جاتی ہے۔

جورووا نے کہا کہ روسی ریاست کے پاس اپنے بیانیے کو پھیلانے کے لیے ’’بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری کا ایک ملٹی ملین یورو پر مشتمل ہتھیار ہے، جس کا مقصد اندرونی سطح پر روسی عوام کے ساتھ ہی یورپیوں اور باقی دنیا تک اپنی غلط معلومات پہنچانا ہے۔‘‘

انہوں نے کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ اس خطرے کو دور کریں کیونکہ انہیں ’’امید ہے کہ کریملن اور دیگر کھلاڑی انتخابات سے پہلے سرگرم ہو جائیں گے۔‘‘

گوگل کا کہنا ہے رواں برس جنوری اور اپریل کے درمیان میں، یوٹیوب نے 400 سے زیادہ ایسے چینلز کو ختم کیا ہے، جو روسی-ٹرول فیکٹری ’’انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی‘‘سے مربوط ہو کر اپنی موثر کارروائیاں انجام دے رہی تھیں۔

میٹا کا کہنا ہے کہ اس نے بھی اپنی فیکٹ چیکنگ پارٹنرشپس کو اب 26 پارٹنرز تک بڑھا دیا ہے، جو یورپی یونین کی 22 زبانوں کا احاطہ کرتی ہیں۔ میٹا کی حقائق کی جانچ کرنے والی ٹیم بھی روسی، یوکرین، بیلاروسی زبانوں کے ساتھ ہی دیگر 17 یورپی زبانوں پرمشتمل ہے۔

Comments are closed.