Baseerat Online News Portal

اسرائیل نے تمام حدیں پار کردیں، عالمی برادری غزہ پر جارحیت رکوائے:قطر

بصیرت نیوزڈیسک
قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر جارحیت کےدوران تمام حدیں پار کردی ہیں۔ امیر قطرنے کہا کہ غزہ کی پٹی میں قتل عام ہو رہا ہے۔ مزید خون ریزی کا کوئی جواز نہیں۔ دنیا خاموشی توڑ کر اسرائیل کو غزہ کی پٹی پر جاری وحشیانہ جارحیت سے باز رکھے۔ 
امیر قطر نے آج صبح شوریٰ کونسل کے 52ویں اجلاس کے افتتاحی موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ اسرائیل کو غیر مشروط گرین لائٹ اور قتل و غارت گری کی غیر محدود اجازت دینا جائز نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے دور میں شہری آبادی کا پانی بند کرنے، بجلی سے محروم کرنے، ایندھن بند کرنے، ہسپتالوں پر بمباری کرنے اور ایک پورے علاقے کی آبادی کا محاصرہ کرکے اس کو نیست ونابود کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 
امیر قطر نے خطے اور دنیا کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اس خطرناک اسرائیلی حملے اور جارحیت کا فوری خاتمہ کرنے اور تنازع کے عالمی قانون کے تحت منصفانہ حل پر زور دیا۔
 خیال رہے کہ سات اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت اور 18 دنوں سے جاری ہولوکاسٹ کے نتیجے میں 5300 سے زائد فلسطینی شہید، 16000 زخمی، تقریباً 14 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

Comments are closed.