Baseerat Online News Portal

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان پر افغان ٹیم کی فتح پر طالبان کا لطیف ردعمل

پاکستان کو بھی شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ کے مقابلے میں ایک اور بڑا الٹ پھیر کرنے پر افغان ٹیم کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔ دوسری طرف طالبان نے پاکستان کے ایک حالیہ فیصلے پر بالواسطہ طنز بھی کیا ہے

بھارت میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کرکٹ کے مقابلوں میں پہلے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور پھر گزشتہ روز پڑوسی ملک پاکستان کو شکست دے کر افغان کرکٹ ٹیم نے ایک اور بڑا الٹ پھیر کردیا۔ جس پر نہ صرف افغانستان اور بھارت بلکہ پاکستان کے معروف کھلاڑی بھی افغان ٹیم کی کارکردگی کی تعریفیں کررہے ہیں۔ دوسری طرف پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کے خلاف سوشل میڈیا پر ناراضگی اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس دوران افغانستان کی حکمراں طالبان نے بھی ملکی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔ کابل پولیس کے ترجمان اور طالبان رہنما خالد زدران نے ایک ٹویٹ میں کہا، "ہماری قومی کرکٹ ٹیم نے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ ہم نے ایسی فتح حاصل کی جسے بہت سے لوگوں نے ناممکن قرار دیا تھا۔” انہوں نے افغان ٹیم کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مزید کہا،” افغانستان کی اس فتح کا کچھ لوگوں کے لیے خاص پیغام ہے کہ ہم حریف نہیں ہیں اور ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں دیکھو، لیکن ہمیں پریشان مت کرو۔” خیال رہے کہ پاکستان نے غیر قانونی طورپر رہنے والے افغان شہریوں سمیت تمام لوگوں کو 31 اکتوبر تک ہر حال میں ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا ہے۔ طالبان نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی قرار دیا ہے۔ پاکستان کے اس فیصلے کا عکس پیر کے روز چینئی میں کھیلے گئے کرکٹ میچ میں بھی دکھائی دیا جب ‘پلیئر آف دی میچ ‘ابراہیم زدران نے اپنا انعام وصول کرنے کے بعد کہا، "میں یہ پلیئر آف دی میچ افغان پناہ گزینوں کے نام کرتا ہوں، جنہیں پاکستان سے جبراً نکالا جا رہا ہے۔”

طالبان وزیر اعظم دفتر کی جانب سے مبارک باد

افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر اعظم دفتر کے چیف آف اسٹاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں افغان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا، "افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ہرا دیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم، کرکٹ بورڈ اور تمام افغان شہریوں کو اس فتح کی مبارک باد۔ "

Comments are closed.