Baseerat Online News Portal

اسرائیل فوری طور پر اپنا جنگی جنون بند کرے: ترک صدر

بصیرت نیوزڈیسک
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن نے ہفتے کے روز اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا جنگی جنون فوری طور پر بند کرے اور غزہ کی پٹی پر تین ہفتوں سے جاری اپنے حملے روکے۔ قابض فوج نے گذشتہ روز غزہ سے مواصلاتی رابطہ منقطع کر دیا تھا اور فضائی حملوں میں شدت پیدا کی تھی۔
 ایردوآن نے ایکس پلیٹ فارم کے ذریعے کہا کہ گذشتہ رات غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شدت اور خواتین، بچوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے ایک بار پھر پٹی میں گہرے انسانی بحران میں اضافہ ہوا ہے۔
 ایردوآن نے استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر اپنی جماعت کے زیر اہتمام فلسطینیوں کی حمایت میں ایک ریلی سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی جبر کے خلاف فلسطین کی حمایت میں اضافہ کیا جائے۔
 حالیہ دنوں میں ترک صدر نے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے کی جانے والی نسل کشی کی مذمت کی، خاص طور پر 17 اکتوبر کو بیپٹسٹ ہسپتال پر بمباری کے بعد، فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
 گذشتہ بدھ کو ایردوآن نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیل کے سفر کے اپنے تمام منصوبے ترک کر رہے ہیں اور غزہ میں جنگ روکنے میں مغربی ممالک کی نااہلی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک (حماس) دہشت گرد نہیں ہے، بلکہ وہ ایک آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والی آئینی تحریک ہے۔

Comments are closed.