Baseerat Online News Portal

غزہ میں قتل عام کا 23 واں دن، شدید بمباری، مزید درجنوں شہادتیں

بصیرت نیوزڈیسک
صیہونی قابض فوج نے وحشیانہ جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے درجنوں مقامات پر بمباری کی ہے۔ تازہ بمباری میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ شہداء اور زخمیوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین بتائے جاتے ہیں۔
 آج صبح غزہ کے الزیتون محلے میں دو گھروں پر قابض طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 5 شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، شمالی غزہ کی پٹی میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی بمباری میں دو شہری بھی شہید ہوئے۔ قابض طیاروں نے نصیرات کیمپ میں بلال مسجد پر بمباری کی۔ 
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ خان یونس کیمپ میں قابض طیاروں کی جانب سے طموس خاندان کے ایک گھر پر بمباری کے بعد ملبے تلے دبنے والوں کے علاوہ 10 شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ قابض دشمن کے طیاروں نے غزہ کے السرایا اسکوائر پر بمباری کی اور غزہ شہر کے مغرب میں تل الھوا محلے میں القدس اسپتال کے ارد گرد کئی بم گرائے۔
 آج صبح کے وقت غزہ کی پٹی کے بعض علاقوں میں مواصلات اور انٹرنیٹ جزوی طور پر بحال کر دیا گیا تھا۔ غزہ کی پٹی کے مشرق اور شمال میں توپ خانے کی گولہ باری اور سفید فاسفورس کےبموں سے حملے کئے گئے۔ فوٹو جرنلسٹ فادی الوحیدی انڈونیشیا کے ہسپتال کے ارد گرد کے علاقے پر قابض دشمن کی بمباری کے دوران زخمی ہوئے۔
 قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی پر بھی اپنی فضائی اور توپ خانے کی بمباری تیز کردی جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔ قابض فوج کے متعدد حملوں کے نتیجے میں بہت سے شہداء اور زخمیوں کو دیر البلح کے الاقصی شہداء ہسپتال پہنچایا گیا۔ یہاں پر شہید ہونے والوں میں بہت سے بچے شامل ہیں۔
  7 اکتوبر کو جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 8 ہزار سے زائد اور 19 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔شہداء اور زخمیوں میں 70 فیصد بچے اور خواتین ہیں۔

Comments are closed.