Baseerat Online News Portal

غزہ میں شہداء کی تعداد 8,306 ہوگئی، زخمیوں کے لیےخون کےعطیات کی اپیل

شہداء میں 3,457 بچے اور 2,136 خواتین شامل ہیں جب کہ 21,048 زخمی ہوئے ہیں

بصیرت نیوزڈیسک
غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صیہونی قابض فوج کے مسلط کردہ ہولوکاسٹ کے نتیجے میں 7 اکتوبر سے اب تک 8,306 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہداء میں 3,457 بچے اور 2,136 خواتین شامل ہیں جب کہ 21,048 زخمی ہوئے ہیں۔
 وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے پیر کی شام ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں 908 بار اجتماعی قتل عام کیا جس میں ہزاروں افراد شہید ہوئے اور بڑی تعداد میں شہداء اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
 وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ قابض فوج نے جان بوجھ کر ایمبولینسوں کی نقل و حرکت کو مفلوج کیا تاکہ وہ بیماروں اور زخمیوں کو بچانے میں اپنا فرض ادا نہ کر سکیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں 25 ہسپتالوں کو تباہ کیا اور 25 ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایمبولینس کا عملہ مسلسل بمباری کی وجہ سے اپنے فرائض سرانجام دینے اور متاثرین تک پہنچنے سے قاصر ہے۔
 انہوں نے تمام بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ طبی سہولیات کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قانون کو فعال کریں۔ انہوں نے غزہ کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ زخمیوں کو بچانے کے لیے خون کی مناسب مقدار نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں جا کر خون کا عطیہ دیں۔

Comments are closed.