اصلاح معاشرہ کانفرنس سیوان میں پروفیسر مولانا شکیل قاسمی کا خطاب

پٹنہ(پریس ریلیز)اصلاح ایک اہم اور لازمی ضرورت ہے۔ ہر چیز میں، نظام میں، طریقہ کار میں اصلاح کی ضرورت ہوتی ہے۔ مزاج، زندگی اور معاشرے میں اصلاح کی کوشش بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ ہر طبقہ اس کی ضرورت کو محسوس کرتا ہے، کوئی اسے اصلاح معاشرہ کا نام دیتا ہے، کوئی اسے سماج سدھار کے نام سے جانتا ہے، لیکن اس کی ضرورت کو سب تسلیم کرتے ہیں۔ فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ نے جمال احاطہ، باقر گنج، سیوان میں عظیم الشان اصلاح معاشرہ کانفرنس سے گزشتہ روز خطاب کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔
نوجوانوں کو توجہ دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج کی موجودہ صورتحال تقاضا کر رہی ہے کہ آپ اپنی صلاحیت کو سماج کی تعمیر میں لگائیں، انسانیت کی خدمت کریں۔ سارے مذاہب کے انسان آپ کے حسن سلوک کے مستحق ہیں۔ بے راہ روی اور غلط کاری سے سماج کی حفاظت کریں، بڑوں کا احترام اور چھوٹوں پر شفقت کا ماحول بنائیں۔ یاد رکھیے، مکان اور عمارتوں سے کوئی سوسائٹی اچھی نہیں کہلاتی، لوگ دیکھتے ہیں کہ اس آبادی میں مورل ویلیوز اور اخلاقی قدروں کی کیا صورتحال ہے۔ مولانا نے سماج کے بزرگوں سے کہا کہ اپنے نوجوانوں کی تربیت کیجئے، ان کو بامقصد کاموں میں لگائیے۔ الگ پنڈال میں پردے میں موجود خواتین کو بھی توجہ دلائی کہ گھر کے افراد اور بچے بچیوں پر پوری توجہ رکھئے، آپ کے گھر میں اللہ اور رسول کے خلاف کوئی کام نہ ہو۔
Comments are closed.