غزہ پر بربریت کا 65 واں دن،اجتماعی قتل عام اورجنگی جرائم میں اضافہ

بصیرت نیوزڈیسک
فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پرصہیونی قابض فوج کی طرف سے مسلط کی گئی جارحیت آج 65 دن میں جاری رہی۔ اس دوران صہیونی فوج کے جنگی طیاروں، ٹینکوں اور توپ خانے سے غزہ کی پٹی میں بدترین بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں مزید دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ غزہ میں صہیونی فوج نے حسب معمول کئی مکانوں پربم گرا کران کے مکینوں کوان کےاندر زندہ دفن کردیا۔
 دوسری جانب فلسطینی مجاھدین کی طرف سے غاصب سفاک دشمن کے خلاف مزاحمتی کارروائیاں جاری ہیں اور مجاھدین دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کررہےہیں۔ شمالی غزہ کی پٹی کے جبالیا کیمپ پربمباری میں دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
 ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شدید زخمی گیارہ فلسطینیوں کو المعمدانی ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی تاہم اس دوران ایک شدید زخمی بر وقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے دم توڑ گیا۔ خانی یونس میں دوار ابو حمید اور الکتیبہ کے مقام پر اسرائیلی بمباری میں تین فلسطین شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ خان یونس میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں ایک معذور شہری جابر العقاد شہید ہوگیا۔
 فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں ادویات لے جانے والے ایک قافلے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں متعدد شہری شہید جب کہ ڈایریکٹر ڈسپنسریز زخمی ہوگئے۔ آج اتوار کی صبح صہیونی فوج نے ناصر میڈیکل کمپلیکس  کے اطراف میں شدید بمباری کی۔
ہسپتال کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی شام ہسپتال میں 66 شہیدوں کے جسد خاکی لائے گئے جن میں 25 خواتین اور 6 بچوں کی لاشیں تھیں جب کہ 86 شدید زخمیوں کو منتقل کیا گیا جن میں 25 خواتین اور 16 بچے تھے۔ ہفتے کی شام خان یونس کے شہداء الاقصیٰ ہسپتال میں 45 شہیدوں کو لایا گیا جو وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے تھے۔

Comments are closed.