اساتذہ کی عزت کرنے والے طلبہ وطالبات اپنی زندگی کے ہر میدان میں کامیاب رہے ہیں:ڈاکٹر منصور خوشتر

الحراءپبلک اسکول ، دربھنگہ میں سالانہ اسپورٹس ڈے کا انعقاد
دربھنگہ(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس) الحراءپبلک اسکول ، رحم خاں، دربھنگہ میں گذشتہ دنوں سالانہ اسپورٹس ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کھیل کود کے کئی مقابلے مثلاً کبڈی، بیڈ منٹن، ٹافی ریس، 100مٹیر ریس ، بیلون برسٹنگ ریس، روپ اسکیپنگ سمیت مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے 80 طلبہ و طالبات کو مڈل اور سند سے نوازا گیا۔ آج کے پروگرام کے مہمانان معروف افسانہ نگار اور شاعر انور آفاقی، ملت کالج کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر عبدالرافع اور دربھنگہ ٹائمز کے مدیر ڈاکٹر منصور خوشتر موجود تھے۔ تینوں سرکردہ شخصیات اور اساتذہ کرام نے طلبہ و طالبات کے درمیان مڈل اور اسناد تقسیم کئے۔نظامت کے فرائض مکیش کمار شرما نے انجام دیا۔ پروگرام کے آغاز میں اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر احسان عالم نے اساتذئہ کرا م اور بچوں سے مہمانان کا تعارف کرایا۔ ساتھ بچوں سے گذارش کی کہ وہ ہر طرح کے مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ تعلیم کے ساتھ تہذیب و ترتیب کا خاص خیال رکھیں۔ مقابلے کے دوران ناکامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات سے بھی انہوں نے حوصلہ سے آئندہ مقابلوں میں شامل ہونے کی صلاح دی۔ انور آفاقی نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچے جب کسی مقابلے میں کامیاب ہوتے ہیں تو بڑا اچھا لگتا ہے۔ لیکن اس سے ویسے طلبہ و طالبات کو سبق حاصل کرنا چاہئے جو کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ مستقبل کے لئے انہیں اچھی تیاری کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر عبدالرافع نے بچوں سے کہا کہ بچے خوبصورت باغ کی طرح ہیں۔ ہر اسکول میں کچھ ذہین بچے ہوتے ہیں اور کچھ کم ذہین بھی ہوتے ہیں۔ لیکن اپنی محنت اور لگن سے سارے بچے ذہانت سے ہمکنار ہوکر کامیاب ہوسکتے ہیں اور ایسا اکثر دیکھا جاتا ہے کہ کبھی کبھی بہت کمزور بچے اعلیٰ سے اعلیٰ مقام حاصل کرلیتے ہیں ۔ ڈاکٹر منصور خوشتر نے کہا کہ بچے اپنے اساتذہ کی ہمیشہ عزت کریں ۔ ان کی نصیحتوں کو مانیں ۔ اساتذہ کی عزت کرنے والے طلبہ وطالبات اپنی زندگی کے ہر میدان میں کامیاب و کامران رہتے ہیں۔ بچوں کومحنت اور لگن سے پڑھنے کی تلقین کی۔ اسکول کے سکریٹری انجینئر خالد احمد مدنی نے کہا جس طرح پھولوں سے باغیچے کی بہار ہوتی ہے اسی طرح طلبہ و طالبات سے اسکولوں کی بہار ہوتی ہے۔ بچے جی لگاکر پڑھیں اور اپنے والدین، سماج اورملک کا نام روشن کریں۔ ان کے ساتھ اسکول کے تمام اساتذئہ کرام محمد عمر فاروق، حافظ محمد شمیم، مکیش کمار شرما، سید مجمل حق، محمد مذکر، ثنا پروین، راحت جہاں ، ارم خان، پنیتا کماری، رخسار پروین، ہمام خالد وغیرہ نے طلبہ و طالبات کو نیک مستقبل کی دعائیں دیں۔ کامیاب طلبہ و طالبات میں محمد ارباز احسن، فیضہ نوری، فحد احمد خان، نور ناہید خانم، عبدالعزیز، صالحہ خانم، زید رضا، عالیہ پروین، عالیہ شاہد، عاطف شاہدوغیرہ اہم رہے۔ آخر میں پرنسپل ڈاکٹر احسان عالم کے اظہار تشکرکے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
Comments are closed.