پارلیمنٹ سے مزید تین اپوزیشن ارکان معطل، معطل کیے جانے والوں کی تعداد 146 ہوئی

نئی دہلی(ذرائع) پارلیمنٹ سے اپوزیشن کے مزید تین ارکان کو معطل کردیاگیاہے۔جس سے معطل ہونے والے ارکان کی تعداد اب 146 ہوگئی ہے۔ معطل ہونے والوں میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ دیپک بیج، ڈی کے سریش اور نکول ناتھ شامل ہیں، نکول ناتھ جو کہ سینئر لیڈر کمل ناتھ کے بیٹے ہیں۔ایوان زیریں (لوک سبھا) سے معطل ہونے والے ارکانِ پارلیمنٹ کی تعداد اب 100 جب کہ ایوانِ بالا (راجیہ سبھا) سے معطل کیے جانے والوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے، گزشتہ روز دو ارکان کو معطل کیا گیا تھا۔ معطلی کی لہر اس ہفتے کے آغاز میں شروع ہوئی جب اپوزیشن نے مرکزی وزیر داخلہ سے لوک سبھا میں سیکورٹی کی چوک کے بارے میں بیان کا مطالبہ کیا۔ یہ معاملہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدت اختیارکر گیا ہے، خاص طور پر ترنمول کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ کی جانب سے راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدر جگدیپ دھنکر کی نقل کرنے کے بعد معاملہ مزید بگڑ گیا۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ ارکانِ پارلیمان کی معطلی اہم بلوں کو بغیر کسی بحث کے منظور کرانے کی حکومت کی سازش ہے۔
Comments are closed.