نشہ کے خلاف اور صفائی کے تئیں بیداری پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت

جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام رمئی پور سے نشہ مخالف و صفائی بیداری ریلی نکالی گئی
کانپور(پریس ریلیز) جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی اورجمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں چل رہی ’نشہ مکت شہرو صفائی بیداری‘ مہم کے تحت مدرسہ مفتاح القرآن رمئی پورسے ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی قیادت میں نشہ مخالف ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت کر رہے ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے کہا کہ جمعیۃ علماء شہر کانپور مستقل لوگوں کو نشہ کے خلاف بیدار کر رہی ہے۔نشہ خوری اور منشیات کا استعمال ہمارے شہر کااہم مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ اسمگلر دوسری ریاستوں سے اس کی تجارت کرتے ہیں اور لوگوں کو منشیات مہیا کرواتے ہیں۔ شروعات میں مزہ دینے والا یہ میٹھا زہر بعد میں انسان کی لت بن جاتا ہے۔
جامعہ محمودیہ اشرف العلوم کے استاذ مفتی محمد عامر قاسمی نے کہا کہ ہمارے سماج میں نشہ کی لت اور گندگی بڑھتی جا رہی ہے۔ خاص طور پر نوجوان بچے نشہ کی زد میں آرہے ہیں۔ نشہ کے پھیلتے کاروبار کو روکنے کیلئے تمام شہریوں کو آگے آنا ہوگا۔ نشہ کے خلاف اور صفائی کی تئیں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ہی جمعیۃ علماء نے21دسمبر سے31دسمبر تک خصوصی مہم چلائی ہے۔
ریلی میں بطور خاص تشریف لائے جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے خازن مولانا محمد طارق قاسمی نے کہا کہ نشیلی اشیاء کا استعمال اور گندگی پورے خاندان کی بربادی کا سبب بنتا ہے۔ آج اس اہم مسئلہ کو سمجھ کر لوگوں میں بیداری پیداکرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قاری محمد جنید راعینی نے عوام کو نشہ کے خلاف اور صفائی کے تئیں بیدار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے علاقہ اور محلہ کو صاف رکھنا ہے، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہم جہاں بھی رہیں صاف ستھرے رہیں،گندگی ہمارے محلوں کی پہچان نہیں ہونی چاہئے۔
مولانا نسیم الزماں ثاقبی نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں صفائی کے تئیں بیدار کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام میں صفائی پر خاص توجہ دی گئی ہے، صفائی کوآدھا ایمان قرار دیا گیا ہے۔
ریلی میں شامل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ترنگا اور جمعیۃ کے پرچم کے ساتھ نشہ کے خلاف صفائی کیلئے بیداری پیدا کرنے والی نعرے لکھی تختیاں تھیں۔ اس موقع پرخاص طور پر مولانا شعیب مبین مظاہری، مولانا عین الحئی قاسمی،حافظ محمد عبیدلقمان، حافظ سمیع اللہ، حافظ معراج، محمد رفیق،محمد کلیم، عبد الرحیم عرف نواب، صادق راعین، محمد شہنواز،محمد صدام، حافظ محمد امین، منا بھائی(بی ڈی سی)، حافظ محمد عادل، محمد لقمان، محمد ارشادکے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی عوام موجود رہے۔

Comments are closed.