فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے سنہری باغ مسجد معاملہ پر کہا کہ اس سے مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس مزید قوی ہوگا

ممبئی : مہاراشٹر میں مسلم تنظیموں کی وفاق فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس نے نئی دہلی میں سنہری باغ مسجد کو شہید کرنے کے خلاف اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس طرح کی کوئی بھی حرکت ملک سالمیت و یکجہتی کیلئے خطرہ ہوسکتی ہے ۔ اس لئے حکومت کو ایسی کسی بھی کارروائی کو فوری طور سے روکنا چاہئے اور مسلمانوں سمیت سبھی انصاف پسندوں کو یہ یقین دلانا چاہئے کہ حکومت ملک میں مسلمانوں سمیت سبھی اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور ان کی شناخت کو آنچ نہیں آنے دے گی‘‘۔ فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر کہا ’’اس طرح کی کسی بھی کارروائی سے فرقہ وارانہ ماحول خراب ہوتا ہے نیز مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس گہراتا ہے جو کسی بھی طور ملک کے اتحاد و سالمیت کے حق میں نہیں ہے‘‘ ۔ فیڈریشن کے ذمہ داروں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ ملک کئی طرح کے مسائل سے گھرا ہوا ہے ایسے میں اس طرح کی کارروائی سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک و عوام کے مسائل کے خاتمہ کیلئے کام کرے ۔
فیڈریشن نے نئی دہلی انتظامیہ کو یاد دلایا کہ ہائی کورٹ نے سنہری باغ مسجد کے انہدام پر روک لگائی ہوئی ہے ۔لہٰذا مسجد کے انہدام کی کوشش کرنا توہین عدالت کا معاملہ بھی ہوگا ۔ نئی دہلی انتظامیہ کے اس بہانہ پر کہ مسجد کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ ہوتا ہے ۔ اس لئے ٹریفک کے نظام کو درست کرنے کیلئے مسجد کو وہاں سے ہٹانا ضروری ہے ۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ محض آنکھوں میں دھول جھونکنے والی بات ہے ۔ تقریبا تین سو سال قبل تعمیر مسجد ملک کا اثاثہ ہے اس کی حفاظت ہر قیمت پر کی جانی چاہئے ۔ یہی وہ تاریخی مسجد ہے جس میں کانسٹی ٹیوشن اسمبلی کے رکن مولانا حسرت موہانی ٹھہرا کرتے تھے ۔ واضح ہو کہ وہ نئی دہلی میں سفری ورہائشی اخراجات آزاد ہندوستان کی حکومت سے نہیں لیا کرتے تھے ۔ فیڈریشن نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ ’’کیا نئے بھارت کی تعمیر کیلئے مجاہدین آزادی کے احساسات و جذبات کی ناقدری بھی ضروری ہے؟‘‘۔
اس طرح کا بیان فیڈریشن آف مہاراشٹرمسلمس کے جوائنٹ پریس ریلیز میں دیا گیا ہے پریس ریلیز دینے والوں میں مولانا ڈاکٹر محمود احمد دریا آبادی جنرل سکریٹری علماء کونسل، ابو عاصم اعظمی ایم ایل اے و صدر سماج وادی پارٹی مہاراشٹر، مولانا حافظ سید اطہر، عالم دین اہل سنت والجماعت صدر علماء ایسوسی ایشن ممبئی ،مولانا حافظ الیاس خان فلاحی امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیتہ علمائے ہند مہاراشٹر فرید شیخ صدر امن کمیٹی ممبئی ، عبدالحفیظ پترکار جالنہ، مولانا ظہیر عباس رضوی نائب صدر شیعہ پرسنل لاء بورڈ ، ڈاکٹر سعید احمد فیضی، ناظم عمومی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر، مولانا مفتی حذیفہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیت علمائے ہند مہاراشٹر ، مولانا آغا روح ظفر، امام خوجہ جماعت ممبئی ، مولانا انیس اشرفی رضا فاؤنڈیشن ممبئی، مولانا نظام الدین فخر الدین ، ممبر مسلم پرسنل لا بورڈ پونہ، ہمایوں شیخ ناظم ممبئی جماعت اسلامی ہند ، شیخ عبدالمجیب کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس، شاکر شیخ ، کو کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس شامل ہیں.
Comments are closed.