اسلامک مشن اسکول جالے کی تعلیمی خدمات قابل رشک، اس کے مشن کو عام کیا جائے

دوگھرا میں منعقدہ طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ پروگرام سے مولانا نسیم سالک قاسمی کا خطاب ،ڈائریکٹر مولانا ارشدفیضی قاسمی کی کاوشوں کو سراہا
جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس) اسلامک مشن اسکول جالے کے بچوں کی تعلیمی صورت حال اور علمی لیاقت کو دیکھ کر آج جو خوشی ملی ہے اسے میں اس اسکول کے خوش آئند مستقبل کی علامت اور نئی نسل کے حسین سپنوں کی تعبیر سمجھتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ اسکول انتظامیہ کی یہ کوششیں آنے والے وقت میں بہتر نتائج کو جنم دیں گی، لیکن اس کے لئے ہمیں پوری احساس ذمہ داری کے ساتھ ایک مضبوط مشن کے طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔ یہ باتیں ہفتہ کو دوگھرا میں منعقد اسلامک مشن اسکول جالے میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کے تعلیمی مظاہرہ کے اہم پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے موقر عالم دین مولانا محمد نسیم سالک قاسمی نے اپنے کلیدی خطاب کے دوران کہیں۔اس تاریخی پروگرام کا آغاز قاری ابوالکلام شفیقی بنگلور کی تلاوت قرآن پاک اور عزیزم محمد یعقوب کے نعتیہ کلام سے ہوا۔ صدارت مولانا ڈاکٹر شمیم سالک مظاہری نے کی جبکہ اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی مولانا محمد نسیم سالک قاسمی اور مولانا مظفر احسن رحمانی کے ساتھ مولانا جابر حسین قاسمی،مختار احمد انصاری ،محمد اصغر،قاری محمد معراج شفیقی کے علاوہ طلبہ وطالبات کے گارجین کے ساتھ گاوں کی موقر ہستیاں موجود رہیں۔مولانا نسیم سالک نے طلبہ کے پروگرام کو سننے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکول نے ایک مختصر سی مدت میں کامیابی کی جس منزل کو پایا ہے اور دینی ماحول میں اسکولی تعلیم کے تحت بچوں کی جو تربیت کی ہے وہ بلاشبہ اسکول کے ڈائریکٹر مولانامحمد ارشد فیضی قاسمی کی مشترکہ جد وجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہم اس منزل سے کافی پیچھے ہیں جس تک پہنچنے کا خواب مولانا ارشد فیضی قاسمی نے پانچ سال پہلے دیکھا تھا اس کے لئے ہمیں اپنی جد وجہد کو منظم تحریک کی شکل دے کر اسلامک مشن اسکول کے پیغام کو عام کرنے کے لئے ایک طویل منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامک مشن اسکول کسی ایک تعلیمی ادارہ کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک کا عنوان ہے جس کا مقصد نئی نسل کی بہتر سے بہتر تربیت کرکے ان کے شاندار مستقبل کو یقینی بنانا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اگر سماج کا ذمہ دار طبقہ اس مشن کو سمجھ لے تو اس سے معاشرے میں ایک خوشگوار تعلیمی تبدیلی کے امکانات روشن ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملک کا پورا تعلیمی سسٹم غیر یقینی صورت حال کا شکار اور تعلیم کے نام پر نئی نسل کے ذہن کو پراگندہ کرنے کی بڑے پیمانے پہ کوشش ہورہی ہے ایسے ماحول میں اسلامک مشن اسکول جیسے تعلیمی اداروں کی جدوجہد سے ہی ہم بدلتے حالات کا صحیح مقابلہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اسلامک مشن اسکول کے نام سے جالے کی سرزمین پر جس انقلابی سفر کی شروعات ہوئی ہے اس کی میں قدر کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس سے سماج میں بہتر تعلیمی تبدیلی آئے گی،اپنے صدارتی خطاب کے دوران مولانا ڈاکٹر شمیم سالک نے طلبہ وطالبات کے تعلیمی مظاہرے پر بے پناہ مسرت کا اظہار کیا اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا موجودہ تعلیمی منظرنامے میں اسلامک مشن اسکول ہمارے سماج کے لئے ایک بڑے انعام کی طرح ہے جس کی قدر کی جانی چاہئے انہوں نے کہا کہ مولانا ارشد فیضی قاسمی نے جس خود اعتمادی کے ساتھ نئی نسل کے کردار کو سینچنے میں خود کو لگایا ہوا ہے آنے والے وقت میں اس کے دیر پا اثرات مرتب ہوں گے اور سماج کو تعلیمی لحاظ سے ایک قابل رشک سمت ملے گی،مولانا مظفر احسن رحمانی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ مولانا ارشد فیضی جس فکر کے حامل ہیں اس کہ واضح تصویر آج اسلامک مشن کے بچوں کی شکل میں ہمارے سامنے ہے،انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت جس سماج کا حصہ ہیں اس میں ایک ایسی انقلابی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت جس کا راستہ مولانا فیضی نے دکھایا ہے ،بتادیں کہ اس تعارفی پروگرام میں اسکولی بچوں نے مختلف دینی معلومات کا مظاہرہ کیا اور اپنی بے باک تقریروں سے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔
Comments are closed.