نالہ سوپاڑہ میں علماء و ائمہ مساجد کی ذمہ داریوں پر خصوصی نشست،آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ذمہ داران کی شرکت

ممبئی(پریس ریلیز)
عروس البلاد ممبئی کے نالہ سوپارہ میں حاجی صغیر علی ڈانگہ کی دعوت پر ان کی صدارت میں موجودہ حالات میں علماء و ائمہ کرام کی ذمہ داریوں کے موضوع پر شہر کے علماء کرام اور ائمہ مساجد کی ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی ، جس میں کثیر تعداد میں علماء وائمہ کرام شریک ہوئے، اس خصوصی نشست میں آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ذمہ داروں میں سے مولانا محمد ابوالکلام جوائنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار وقاری صہیب رحمانی آرگنائزر وانچارج ہیلتھ میڈیکل کیمپ آل انڈیا ملی کونسل بہار نے بھی شرکت کی ۔ ان کے علاوہ آل انڈیا ملی کونسل میرا روڈ کے صدر مولانا شمیم اختر ندوی بھی نشست میں شریک ہوئے۔میٹنگ میں موجودہ حالات میں علماء و ائمہ کرام کی ذمہ داریوں، جہالت کے خاتمہ اور نئی نسلوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم سے آراستہ کرنے اور ملی تشخص کے ساتھ زندگی گزارنے کے سلسلہ میں باتیں ہوئیں ۔مولانا محمد ابوالکلام جوائنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار نے قیمتی آراء پیش کرتے کہا کہ موجودہ بے راہ روی کو دور کرنا ہے تو تعلیم کو معاشرہ میں عام کرنا ہو گا اور سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگی میں اتارنا ہو گا ۔ اس کے لیے انہوں نے مکاتب کے نظام کو مضبوط کرنے پر زور دیا ، خصوصا اسکول میں پڑھنے والے بچوں اور بچیوں کے لیے صبح و شام کے اوقات میں صباحی و مسائی مکاتب کے قیام کی طرف توجہ دلائی۔ صدر مجلس الحاج صغیر صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں علماء کرام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ، انہوں نے مسلم نوجوان لڑکے اور لڑکیوں میں بڑھتی ہوئی بے دینی اور ارتداد کی فضا کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہا کہ اس کے سد باب کے لیے ہمیں ڈور ٹو ڈور محنت کرنے کی ضرورت ہے، والدین کو بھی اپنے بچوں اور بچیوں کی نگرانی کرنی چاہئے اور ان کے روزانہ کی روٹین پر سخت نگاہ رکھنی چاہئے۔ آخر میں مولانا عبد السبحان صاحب کی دعاء پرمجلس ختم ہوئی۔اس نشست میں شریک ہونے والوں میں محمد صہیب عالم، محمد دانش اعظمی، فیض الاسلام قاسمی، محمد ابو الکلام ، عبدالسبحان ، ، مدثر احمد شیخ ، عبد العلیم فلاحی، محمد غفران، محمد اسماعیل، محمد سعید قاسمی، ایاز احمد قاسمی، حذیفہ ندوی، محمد ثاقب، محمد اسحاق شیخ، محمد صابر وغیرہ کے نام اہم ہیں۔

Comments are closed.