غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ درندگی جاری، مزید 105 فلسطینی شہید، 356 زخمی

بصیرت نیوز ڈیسک
فلسطینی وزارت صحت نے پیر کے روز ایک اور دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 105 فلسطینی شہید جبکہ 356 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق روزانہ کی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں امداد کے حصول کے دوران 7 فلسطینی شہید اور 74 سے زائد زخمی ہسپتالوں تک پہنچائے گئے۔ اس طرح اب تک صرف خوراک، پانی یا دیگر بنیادی ضروریات کے حصول کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 758 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 5,005 سے تجاوز کر چکی ہے۔
وزارت نے مزید وضاحت کی کہ قابض اسرائیل کی مسلسل درندگی کے باعث 18 مارچ سنہ2025ء سے اب تک 6,964 فلسطینی شہید اور 24,576 زخمی ہو چکے ہیں۔
قابض اسرائیل کے 7 اکتوبر سنہ2023ء سے جاری وحشیانہ حملوں میں مجموعی طور پر اب تک 57,523 فلسطینی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں جبکہ 136,617 افراد شدید زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب بھی درجنوں لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں اور کئی شہداء کی میتیں سڑکوں پر پڑی ہیں، جن تک نہ تو ایمبولینس پہنچ پا رہی ہے، نہ ہی سول ڈیفنس کے اہلکار۔
یہ سب کچھ دنیا کی خاموشی کے سائے تلے جاری ہے، جہاں فلسطینیوں کو ان کے گھروں، گلیوں، ہسپتالوں، سکولوں اور کھلے میدانوں میں خون میں نہلایا جا رہا ہے، اور دنیا کے بااثر دارالحکومت تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ یہ نسل کشی ہے، یہ اجتماعی قتل عام ہے، جس کے خلاف آواز بلند کرنا انسانیت کا تقاضا ہے۔
Comments are closed.