Baseerat Online News Portal

برطانیہ: شاہ چارلس سوم میں کینسرکی ابتدائی علامات پائی گئیں

بصیرت نیوزڈیسک
پیر کے روز بکنگھم پیلس نے اعلان کیا کہ ایک حالیہ پروسٹیٹ سرجری کے دوران ڈاکٹروں کو اس بات کا پتہ چلا کہ کنگ چارلس سوم کینسر کی ایک قسم میں مبتلا ہیں۔ البتہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ پروسٹیٹ کینسر نہیں ہے۔
شاہی محل کے بیان کے مطابق بڑھے ہوئے غدود مثانہ کے علاج کے دوران ”تشویش کا ایک الگ مسئلہ نوٹ کیا گیا اور جب اس کا ٹیسٹ کیا گیا تو کینسر کی ایک قسم نکلی۔”
شاہی محل نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ ” شاہ نے آج سے باقاعدہ اس کے علاج کا شیڈول شروع کر دیا ہے۔ اس دوران ان کے ڈاکٹروں نے انہیں عوامی مصروفیات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ البتہ اس عرصے میں وہ ریاستی اور سرکاری سطح کی اپنی ذمہ داریوں کو معمول کے مطابق نبھاتے رہیں گے۔”
شاہی محل نے فوری طور پر تشخیص کرنے کے لیے اپنی طبی ٹیم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ کہا کہ شاہ چارلس ”اپنے علاج کے بارے میں مکمل طور پر مثبت ہیں اور وہ اس کی تکمیل کے بعد عوامی ذمہ داریوں پر واپس آنے کے منتظر ہیں۔”
شاہ چارلس سوم نے 26 جنوری جمعے کے روز اپنے پروسٹیٹ کی سرجری کروائی تھی اور پیر 29 جنوری کو انہیں ہسپتال سے چھٹی مل گئی تھی۔
برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے اسپیکر لنڈسے ہوئل نے اس اعلان کے فوراً بعد ہاؤس آف کامنز کو یہ خبر دی۔ ہوئل نے ایوان کو بتایا کہ ”آج رات کی خبروں کے بعد ہم سب انہیں کامیاب علاج اور جلد صحت یابی کے لیے اپنی نیک تمنائیں بھیجنا چاہتے ہیں۔”
برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے بھی اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ”باد شاہ کی مکمل اور جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ بہت جلدی پوری قوت کے ساتھ میں واپس آئیں گے اور میں جانتا ہوں کہ پورا ملک ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرے گا۔”
حزب اختلاف کے لیبر پارٹی کے رہنما کیئر سٹارمر نے کہا: ”لیبر پارٹی کی جانب سے، میں ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔”
لبرل ڈیموکریٹس کے رہنما ایڈ ڈیوی نے کہا کہ لبرل ڈیموکریٹس باقی قوم کے ساتھ مل کر شاہ چارلس کی مکمل اور جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ ”ہمارے خیالات بادشاہ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔” ترجمان نے اس پیش رفت کو ”ناقابل یقین حد تک افسوسناک خبر” قرار دیا۔
75 سالہ شاہ چارلس سوم نے 16 ماہ قبل ہی ستمبر 2022 میں اپنی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد تخت سنبھالا تھا۔
ان کی تاج پوشی گزشتہ جون میں ہوئی تھی۔ چارلس سوم اکثر بادشاہت کو جدید بنانے کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور وہ ماحولیاتی معاملات اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وکالت کرتے رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق کنگ چارلس کے چھوٹے بیٹے ہیری نے بھی اس موقع پر اپنے والد سے بات کی ہے اور آنے والے دنوں میں وہ برطانیہ جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ فی الوقت وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ امریکہ میں مقیم ہیں اور باقاعدہ شاہی فرائض سے دستبردار ہو چکے ہیں۔
اس دوران ویلز کی شہزادی، کیتھرین کی جنوری میں پیٹ کی سرجری کے بعد سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔ وہ بھی شاہی فرائض سے دستبردار ہو چکی ہیں۔
ان کے شوہر پرنس ولیم بھی اپنی اہلیہ کی وجہ سے ہسپتال میں دو ہفتے گزارنے کے بعد بدھ کو پہلی بار اپنے سرکاری فرائض پر واپس آئیں گے۔ شاہی خاندان نے یہ نہیں بتایا کہ کیٹ کا کس مرض کے لیے علاج ہو رہا تھا، تاہم اتنا واضح کیا گیا تھا کہ یہ کینسر نہیں ہے۔

Comments are closed.