Baseerat Online News Portal

کسانوں کا مظاہرہ حق بجانب، مودی حکومت نے ہر طرح سے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی: کانگریس

جئے رام رمیش نے کہا کہ سرمایہ داروں کی مدد کے لیے اراضی حصول قانون میں ترمیم کرنے کی کوشش ہو یا تین سیاہ زرعی قوانین لانا ہو، مودی حکومت نے ہر طرح سے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

کسان تنظیموں کے ذریعہ ’دہلی چلو مارچ‘ کو کانگریس نے حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس صدر کھڑگے سمیت کئی دیگر پارٹی لیڈران نے بھی اس سلسلے میں اپنے بیانات دیے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت راہل گاندھی نے آج امبیکاپور منڈی میں کسانوں سے بات چیت کی۔ آج کے دن راہل گاندھی کا ایسا کرنا بالکل مناسب بھی ہے، کیونکہ آج ملک کے کسان، خاص طور سے پنجاب و ہریانہ سے، وزیر اعظم کے ذریعہ 2021 کے نومبر میں تین سیاہ زرعی قوانین کو واپس لیتے وقت دی گئی یقین دہانیوں کو پورا نہ ہونے کے خلاف نئی دہلی تک مارچ کر رہے ہیں۔‘‘

اپنے پوسٹ میں جئے رام رمیش نے کسان تحریک کو کچلنے کے لیے ہو رہی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’دہلی پولیس اور ہریانہ پولیس کے ذریعہ کسانوں کو پریشان کرنے اور انھیں ان کے جائز حقوق کا استعمال کرنے سے روکنے کے لیے جن طریقوں کا استعمال کیا جا رہا ہے، وہ بے حد غیر جمہوری ہے اور مودی حکومت کی کسان مخالف ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’کسان تحریک کے لیے وجہ واضح ہیں۔ چاہے وہ سرمایہ داروں کی مدد کے لیے اراضی حصول قانون میں ترمیم کرنے کی کوشش ہو یا تین سیاہ زرعی قوانین لانا رہا ہو، انھوں نے ہر طرح سے کسانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔‘‘

https://x.com/Jairam_Ramesh/status/1757291985860497649?s=20

Comments are closed.