اشارہ ملتے ہی کسان دہلی کوچ کرینگے

حکومت میں شراکت داری کے لئے نہیں بلکہ کسان اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں: بھگت سنگھ ورما
دیوبند، 26؍ فروری(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند تحصیل کے گائوں گنگ داس پور جٹ میں بھارتیہ کسان یونین ورما کی جانب سے منعقد کی گئی ایک میٹنگ میں شرکت کرنے والے کسانو ں نے کسان مورچہ کی اپیل پر دہلی کوچ کرنے کی وارننگ دی ہے۔ تنظیم کے صدر بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ تنظیم کے لیڈران کی جانب سے اشارہ ملتے ہی کسان اپنے ٹریکٹر ٹرالیوں اور کاروں میں سوار ہو کر دہلی پہنچ جائیں گے۔ تفصیل کے مطابق پیر کے روز گنگ داس پور میں منعقدہ میٹنگ میں شریک کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے بھگت سنگھ ورما نے کہا کہ کسان حکومت میں شراکت داری کے لئے نہیں بلکہ اپنے کھیتوں میں پیدا ہونے والی فصلوں کی منافع بخش قیمتیں دیئے جانے کے مطالبہ کو لیکر دہلی جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت سے قومی کسان کمیشن تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے، اس کے علاوہ سوامی ناتھن کی رپورٹ کے نفاذ اور 58سال سے زائد عمر والے کسانو ں کو دس ہزار روپے ماہانہ پینشن دیئے جانے کے مطالبہ کو بھی دہرا یا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی فصلوں پر منافع بخش قیمتوں کے اعتبار سے ایم ایس پی کا اعلان کیا جائے اور کسان تحریک کے دوران کسانوں پر دائر کئے جانے والے مقدمات کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ مرکزی ہوم منسٹر اجے کمار ٹونی کو وزارت سے برخاست کیا جائے۔ اس موقع پر بھگت سنگھ ورما نے مطالبات پر مبنی ایک فہرست پیش کی، اس فہرست میں کسانوں کو کھیتی کے لئے مفت بجلی دیئے جانے اور پر امن طریقہ سے احتجاج کرنے والے کسانوں پر آنسوں گیس کے گولے داغنے والوں کے خلاف کاروائی کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔ بعد ازاں اس میٹنگ سے اشوک ملک، حافظ مرتضیٰ تیاگی، پنڈت نیرج کپل، عاصم ملک، رشی پال پردھان اور سونو راجا نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران سشیل بھگت ، پردیپ چودھری، پدم سنگھ، نشانت شرما، آکاش چودھری، سنت ورما، جتیندر چودھری، پپل چودھری، جوگیندر شرما اور جگپال سنگھ وغیرہ موجود رہے۔

Comments are closed.