Baseerat Online News Portal

امارت شرعیہ کے زیر اہتمام منعقد2/مارچ کی کانفرنس تاریخ ساز ہوگی: محمد شبلی القاسمی

 

پریس ریلیز:پھلواری شریف

 

اس وقت ہمارا ملک شدید اخلاقی ومعاشرتی بحران کا شکار ہے اس کا مستقبل بے یقینی کے اندھیروں میں ڈوبتا نظر آرہا ہے، بلکہ یہاں کی جمہوری قدریں فرقہ پرستوں کے ہاتھوں بکھرتی نظر آرہی ہے،ان کے ذریعہ مسلمانوں کے عزم وحوصلہ پست کرنے کی ہر ممکن کوششیں جاری ہیں،

حالانکہ اس ملک کو بنانے اور سنوارنے میں ہمارے اکابر علماء اور اسلاف نے بڑی قربانیاں دی ہیں،اور آج بھی ملک کی تعمیر وترقی میں مسلمان ہر طرح کی قربانیاں پیش کررہے ہیں، مگر ہمیں ان حالات میں حوصلہ نہیں ہارنا ہے، اور اپنے حصہ کی چراغ روشن رکھنے کی ہر ممکن جدوجہد کرتے رہنا ہے اور اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں امن وامان کی فضاء قائم کرنے اور اس کی مٹتی ہوئی قدروں کو بحال کرنے کی کوششیں کرنی ہے۔

ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مولانا حکیم محمد شبلی القاسمی نے کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظرمیں ملک کے مستقبل کو روشن وتابنا ک بنانے کیلئے

*امیر شریعت مفکرملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ العالی کی صدارت میں 2/مار چ 2024ء؁ کو*

*امارت شرعیہ پھلواری شریف کے المعہد العالی کے گراؤنڈ میں*

*ایک عظیم اجتماع منعقد ہور ہا ہے،*

جس میں ملک کے نامور علماء کرام، سماجی وملی فکر رکھنے والے حضرات اسلامی شعائر کے تحفظ،معاشرتی،سماجی اصلاحات، اوقاف کی جائیداد، مدارس ومساجدکی حفاظت، ووٹر آئی کارڈ کی اہمیت وافادیت دستور میں دئیے گئے حقوق کی پاسداری اور اس کے تئیں بیداری نقبا ء ومتوسلین امارت شرعیہ کی ذمہ داریاں وغیرہ اہم مسائل پر روشنی ڈالیں گے اور لائحہ عمل طے کریں گے۔

مولانا نے بتایا کہ اس اجلاس میں شرکت کے لئے بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے اصحاب فکر ودانش،نقباء، صدور وسکریٹریز، ارباب حل وعقد، ارکان شوریٰ ودیگر ممتاز ملی وسماجی شخصیات سے رابطہ کیا جار ہاہے، اور امید کی جارہی ہے کہ بڑی تعداد میں وہ شرکت کریں گے۔

اس اجلاس کو کامیاب اور بامقصد بنانے کیلئے دفتر کے تمام ذمہ داران وکارکنان مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، نظم وانصرام کو بہتر سے بہتر بنانے اور مندوبین وشرکاء کو راحت وآرام پہونچانے کیلئے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔

مولانا نے شرکاء سے اپیل کی ہے کہ اپنے نظام سفر سے دفتر کو مطلع فرمائیں تاکہ انہیں راحت وآرام کا حتی الوسع خیال کیا جاسکے۔

Comments are closed.