انجمن فیضان جعفر کی مشاورتی میٹنگ منعقد، مفتی عبیداللہ اسعدی کی شرکت

سدھارتھ نگر (نمائندہ خصوصی)
ضلع کی معروف دینی، تعلیمی، ملی وسماجی تنظیم انجمن فیضان جعفر کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت و سرپرستی معروف عالم دن، جامعہ عربیہ ہتھوڑا باندہ کے شیخ الحدیث مولانا مفتی عبید اللہ اسعدی نے کی، اس میٹنگ میں انجمن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور ساتھ ہی سالانہ آمد و خرچ کے حسابات بھی پیش کئے گئے جس پر شرکاء میٹنگ نے انجمن کی کارکردگی اور سالانہ حسابات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا، انجمن کے صدر مولانا صغیر احمد نظامی نے انجمن کے آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جس پر حاضرین مجلس نے مولانا صغیر احمد نظامی کی حوصلہ افزائی کی اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر
مفتی عبید اللہ الاسعدی نے انجمن کے ذمہ داروں سے ملاقات کی، اور انہیں انجمن کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کرایا، مفتی موصوف نے انجمن کی کارکردگی رپورٹ پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انجمن کو مزید فعال و متحرک بنانے پر زور دیا اور کہا کہ علاقائی سطح پر اس طرح کے کاموں کی اشد ضرورت ہے، مفتی اسعدی کے مشورے سے انجمن کی فلاح بہبود سے متعلق چند اہم امور طے پائے جس کی روشنی میں آئندہ کاموں کو انجام دینے کی کوشش کی جائے گی.
اس میٹنگ میں قرب و جوار کے سات گاؤں کے ائمہ کرام اور مکاتب کے علماء کرام شامل تھے۔ جن میں مولانا علاؤالدین قاسمی بستی، مولانا منیر قاسمی پرشاد پور،مولانا محمد حسن قاسمی کنونا، مولانا عبد الخالق قاسمی نتاری وغیرہ شامل تھے۔
مفتی عبید اللہ اسعدی کی دعا پر مجلس ختم ہوئی اور تمام حاضرین سے انجمن کی فلاح و بہبود کے لیے ہر اعتبار سے تعاون کی اپیل کی۔

Comments are closed.