عقیدہ کی درستگی اعمال کی قبولیت کیلئے بنیادی شرط، اس میں سمجھوتہ ناممکن: مولانا عبداللہ قاسمی

مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کا سہ روزہ ختم نبوت تربیتی کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
کانپور: مجلس تحفظ ختم نبوت و جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام مورخہ 17، 18، 19 شعبان المعظم مطابق 28، 29 فروری اور یکم مارچ بروز بدھ، جمعرات، جمعہ دفتر مجلس تحفظ ختم نبوت جامع مسجد اشرف آباد جاجمؤ میں مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کی زیر نگرانی سہ روزہ ختم نبوت ٹریننگ کیمپ کا انعقادہوا۔ جس میں مالے گاؤں مہاراشٹر سے بطور خاص تشریف لائے مولانا حافظ اقبال احمد ملی نے فتنہ شکیلیت کے بارے تفصیل سے بتاتے ہوئے اس کے کام کرنے کے طریقہ کار، دلیل کے ساتھ ان کی شرارتوں، اس کے جھوٹ اور فریب کاری سے واقف کرایا، ساتھ انہوں نے عقیدہ ختم نبوت ؐ اور تقلید کی اہمیت و ضر ورت کے بارے میں بتاتے ہوئے اس حوالہ سے سامنے آنے والی گمراہ کن باتوں سے خود کے بچنے اور معاشرہ کے عام عوام کو بچانے کے طریقوں سے واقف کرایا۔
ٹریننگ کیمپ کے نگراں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے مختصر خطاب میں تمام فتنوں اور باطل عقائد کے ساتھ ہی ملک کے موجودہ حالات میں ایکس مسلم، گھر واپسی، شدھی کرن، مسلم بچیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر مرتد بنانے جیسی چل رہی ارتدادی لہروں سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ ان حالات میں ہمیں قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے حکمت عملی کے ساتھ کیا اقدامات کرنا ہے؟ ہم اس پر غور کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں۔ ان ذمہ داریوں کو کیسے ادا کرنا ہے اس کے بارے میں بھی ہمیں معلوم ہونا چاہئے۔ انہیں ذمہ داریوں سے واقف کرانے کے لئے اس ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کرکے علماء اور خواص کو یہاں جمع کیا گیا ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہمیں ارتدادی فتنہ پروروں کے پروپگنڈوں سے بھی متاثر نہیں ہونا ہے اور اپنے حصہ کا کام کرتے رہنا ہے کیونکہ اللہ کے یہاں ہم سب کو اپنا اپنا جواب دینا ہے۔
مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب ناظم مولانا امیر حمزہ قاسمی نے نزول عیسیٰ و ظہور مہدی کے موضوع پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالہ سے صحیح عقائد سے واقف کرانے کے بعد اس حوالہ سے پھیلایے جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا۔مفتی محمد زکوان الحسنی قاسمی نے رفع یدین،قرأت خلف الامام کے بارے میں بتایا۔ اس کے علاوہ حافظ محمد الماس،مولانا محمد زید اور مولانا محمد حذیفہ قاسمی نے بھی الگ الگ موضوعات کے تحت مختلف فتنوں کا تعارف کراتے ہوئے ان کی سرکوبی کیلئے اختیار کئے جانے والے مؤثر طریقوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
سہ روزہ ٹریننگ کیمپ کے دوران روزانہ عصر کے بعد چائے کے وقفہ کے دوران باہمی مذاکرات کا سلسلہ بھی چلا، جس سے میدان میں کام کر رہے احباب کے بہت سارے اشکالات دور ہوئے اور ایک دوسرے سے کام کرنے کیلئے رہنمائی ملی۔ سہ روزہ ٹریننگ کیمپ کے بعد تمام شرکاء کا جائزہ امتحان بھی ہوا۔ جس میں فیروز آباد کے مفتی طاہر رضی نے اول،بہرائچ کے محمد سہیل خاں نے دوم اور مولوی محمد ثاقب کانپورنے سوم پوزیشن حاصل کیا۔ ٹریننگ کیمپ میں باندہ، فتح پور، سیتا پور، ہردوئی، بہرائچ، اناؤ، لکھیم پورکھیری، جالون،ہمیر پور، کانپور دیہات، فرخ آباد،فیروز آباد، اٹاوہ، اوریااور دیگر اضلاع کے ساتھ ہی کانپور کے علماء و متحرک نوجوان شامل ہوئے۔ تینوں دن نظامت کے فرائض مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے ناظم مفتی اظہار مکرم قاسمی نے انجام دئے۔ ٹریننگ کیمپ کے نگراں مولاناامین الحق عبد اللہ قاسمی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ہی کہا کہ جہاں بھی رہیں عقائد کے حوالہ سے ہر وقت حساس رہیں، اپنی ذمہ داریوں کو سمجھ کر فتنوں کی سرکوبی کیلئے میدان عمل میں ہمہ وقت تیار رہیں۔ بامقصد زندگی گزارنے کے ساتھ ہی زیادہ سے زیادہ عوام تک دین کی صحیح تعلیمات کو پہنچانے میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں۔ کسی بھی قسم کی رکاوٹ، پریشانی اور مسائل درپیش ہونے پر ذمہ داران اور بڑوں سے رابطہ کرکے رہنمائی حاصل کریں۔
Comments are closed.