اعلیٰ افسران نے کیا دارالعلوم دیوبند کا دورہ

دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران سے رمضان اور عیدالفطر کے متعلق گفتگو ہوئی: ڈ ی ایم
دیوبند، 4؍مارچ (سمیر چودھری؍بی این ایس)
سہارنپور کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑا نے آ ج دارالعلوم دیوبند پہنچ ذمہ داران سے ملاقات اور آئندہ رمضان المبارک و عبدالفطر کے متعلق گفتگو کی۔اعلیٰ افسران دیوبند میں علاقہ میں کئی دنوں سے ہونے والی برسات اور ژالہ باری سے فصلوں سے ہونے والے نقصانات کا سروے کرنے کے لئے پیر کے روز دیوبند پہنچے تھے۔ افسران نے کھیتوں اور فصلوں کا سروے کرنے کے بعد دارالعلوم دیوبند کا بھی دورہ کیا اور ادارہ کے ذمہ داران، علماء اور اساتذہ سے ملاقات کر کے رمضان المبارک سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ دارالعلوم دیوبند کے مہمان خانہ میں ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑانے مجلس شوریٰ کے رکن مولانا انوار الرحمن اور ناظم تعلیمات مولانا حسین احمد ہریدواری و دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایک ہفتہ کے بعد شروع ہونے والے ماہِ رمضان المبارک کے بارے میں افسران نے معلومات حاصل کیں ۔ ان افسران کے دارالعلوم دیوبند پہنچنے پر لوگوں میں یہ خدشہ پیدا ہوا کہ کہیں یہ افسران غزوۂ ہند کے تنازع سے متعلق کوئی فرمان لیکرپہنچے ہیں، لیکن بعد میں ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر نے بتایا کہ وہ اس علاقہ میں ہونے والی تیز بارشوں اور ژالہ باری کے باعث خراب اور برباد ہو جانے والی فصلوں کا سروے کرنے کے لئے آئے تھے اور دارالعلوم میں ان کی آمد محض رمضان المبار ک سے قبل ادارہ کے ذمہ داران اور علماء حضرات سے معمول کی بات چیت پر مبنی تھی،انہوں نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند سے امن وشانتی کا پیغام پوری دنیا میں جاتاہے اور ہم لوگ یہاںآتے اور امن وشانتی کے اس پیغام کو بڑھاوا دینے کے حوالہ سے ہی گفتگو کرتے ہیں، آج کی ملاقات بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑا کے علاوہ ایس پی دیہات ساگر جین، کے ایس ڈی ایم انکور ورما، سی او اشوک سسودیا، کوتوالی انچارج سنجیو کمار، جامع مسجد کلاں سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری،اشرف عثمانی، مفتی ریحان قاسمی،مولانا مقیم الدین ،مولانا ابراہیم وغیرہ موجودرہے۔

Comments are closed.