Baseerat Online News Portal

فرانس: منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا آغاز

بصیرت نیوزڈیسک
فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ دارمانیں نے پیر کے روز ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف متعدد کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے لِیل، ویلینو داسک اور روبئے نامی شہروں میں چھاپوں کے دوران متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے اس ملک گیر آپریشن کی تیاری کئی ماہ تک کی اور اب ان کارروائیوں میں اضافہ کیا جائے گا تا کہ یہ زیادہ سے زیادہ حد تک مؤثر ثابت ہوں۔
دارمانیں کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے دوران رہائشی عمارات کی تلاشی بھی لے جائے گی۔
منشیات فروشوں کے خلاف اس کریک ڈاؤن میں حکام نے پہلا چھاپہ فرانس کے شہر مارسے میں پچھلے ہفتے مارا تھا، جہاں حالیہ دنوں میں ملکی صدر ایمانوئل ماکروں نے اپنے ایک دورے کے دوران اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہاں جاری منشیات کے خلاف آپریشن کی طرح کے دس مزید آپریشنز کا آغاز آئندہ ہفتوں میں کیا جائے گا۔
یہ کارروائیاں فرانس کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ اور اس نے منسلک جرائم کے خلاف شروع کیے گئے ایک بڑے ملک گیر کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔
کچھ ناقدین کا یہ خیال بھی ہے کہ یہ فرانس میں بر سر اقتدار بائیں بازو کی سیاسی جماعت کی اس سال جون میں ہونے والے یورپی پارلیمانی الیکشن میں دائیں بازو کی ملکی سیاسی جماعتوں کی کامیابی کے امکانات کو مزید کم کرنے کی ایک کوشش ہے۔

Comments are closed.