Baseerat Online News Portal

لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس نے امیدواروں کی چھٹی فہرست جاری کی، اب تک 192 امیدواروں کا ہو چکا ہےاعلان

نئی دہلی(ایجنسی)لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے اپنے امیدواروں کی چھٹی فہرست جاری کر دی ہے۔ تازہ فہرست میں پانچ امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا ہے جن میں سے 4 کا تعلق راجستھان سے ہے، جبکہ ایک امیدوار تمل ناڈو کی لوک سبھا سیٹ کے لیے۔
کانگریس کی چھٹی فہرست کے مطابق راجستھان کی اجمیر سیٹ سے رام چندر چودھری، راجسمند سے سدرشن راوَت، بھیلواڑہ سے ڈاکٹر دامودر گوجر اور کوٹہ سے پرہلاد گنجل کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔ علاوہ ازیں تمل ناڈو کی ترونلویلی لوک سبھا سیٹ سے ایڈووکیٹ سی. رابرٹ بروس کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے اس سے قبل لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر 5 فہرستیں جاری کی تھیں جن میں مجموعی طور پر 187 امیدواروں کا اعلان ہوا تھا۔ آج چھٹی فہرست جاری ہونے کے بعد کانگریس کے اعلان کیے گئے امیدواروں کی تعداد 192 ہو گئی ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کانگریس کی ساتویں فہرست بھی سامنے آئے گی جس میں یوپی کی امیٹھی و رائے بریلی کے علاوہ بہار کی کچھ لوک سبھا سیٹوں سے اتارے جانے والے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لیے انتخاب سات مراحل میں کرائے جانے کا اعلان الیکشن کمیشن نے کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور ساتویں یعنی آخری مرحلہ کی ووٹنگ یکم جون کو ہوگی۔ 4 جون کو ووٹ شماری ہوگی اور اسی دن شام تک نتائج کا اعلان بھی ہو جائے گا۔

Comments are closed.