Baseerat Online News Portal

دوحہ قطر کے معروف شاعر مظفر نایاب کے اعزاز میں ادبی نشست 

 

(رپورٹ :منصور قاسمی ) دوحہ قطر سے تشریف لائے معروف شاعر مظفر نایاب کے اعزاز میں ادبی ادارہ انڈین فرینڈ سرکل (آئی ایف سی ) نے خیام ریسٹورنٹ ریاض میں ایک خوبصورت نثری اور شعری نشست کا اہتمام کیا ،جس کی صدارت ہندوستان سے تشریف لائے ادارہ ادب اسلامی کے قومی نائب صدر ابو نبیل خواجہ مسیح الدین نے کی؛ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مظفر نایاب شریک رہے ۔ پروگرام کی نظامت شاعر و صحافی منصور قاسمی نے کی اور افتتاحی کلمات آئی ایف سی کے صدر طاہر بلال نے پیش کئے ۔

مہمان خصوصی مظفر نایاب نے آئی ایف سی کا شکریہ ادا کر نے کے بعد کہا : اس محفل کے انعقاد نے اپنے دیرینہ رفقاء اور قابل قدر احباب سے ملاقات کا موقع عطا کیا ۔ صدر محفل خواجہ مسیح الدین نے کہا:ادبی فورم کی میں ستائش کرتا ہوں ۔ آپ نے فورم کو آباد اورسرگرم رکھا ہے ۔

قاری ناصر حسین کی تلاوت کلام اللہ سے باضابطہ پروگرام کا آغاز ہوا ۔ جمیل احمد آکولوی نے نعت پاک پڑھنے کی سعادت حاصل کی ۔ نثری نشست کے تحت بہترین تخلیق کار وسیم قریشی نے اپنا افسانہ ”جعلی رستم ،، منفرد لب و لہجے کے افسانہ نگار تنویر تماپوری نے ” مکافات ،، اور معروف صحافی و نثر نگار کے این واصف نے اپنے دو افسانچے ”قطع تعلق ،، اور ” شانہ بشانہ ،، پیش کئے ۔

اس کے بعد شعری سفرکا آغاز ہوا جس میں شعراء کرام نے اپنے اسلامی ، اصلاحی ، دینی ، فکری اور تعمیری کلام سے خوب داد وصول کی ۔ ضیاء عرشی کے ہدیہء تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔ شعراء کے منتخب اشعار پیش خدمت ہیں ۔

حیات تنگ مکانوں میں ہو بسر دانش

مگر دلوں کو کسی طور بھی کشادہ کریں

دانش ممتاز

جو مومن ہیں سدا شفاف وہ کردار رکھتے ہیں

بلا شک زندگی کا اپنا اک معیار رکھیے ہیں

جمیل احمد آکولوی

عصیاں کی معافی کا موسم یہ عجوبہ

افسوس کہ کچھ دن کا مہمان ہوا ہے

ضیاء عرشی علیگ

ماہ صیام جیسے ہی سایا فگن ہوا

فورا عبادتوں میں مسلماں مگن ہوا

اکرم علی اکرم

حال اپنا بھی اب ہے حال دگر

عہد ماضی ذرا پلٹ کر دیکھ

حسان عارفی

کبھی موقع ملے تو مڑ کے دیکھوں

کہاں تھا ،چل کے آیا ہوں کہاں تک

منصور قاسمی

کسی بھی لفظ میں معنی اگا نہ پایا کبھی

ورق ورق پہ قلم کو رگڑ رہا ہوں عبث

طاہر بلال

کیوں نہ اک عمر ترے ساتھ گزاری جائے

اور ہر سانس تری سانس پہ واری جائے

سلیم کاوش

خدا حیات اگر دے ہزار بار حضور

ہزار بار کروں آپ پر نثا ر حضور

مظفر نایاب

یہ مانا ہم نے ترے ساتھ بے رخی برتی

اصول تیرا بھی کچھ ہے تو مانتا کب ہے

ابو نبیل خواجہ مسیح الدین

Comments are closed.