فتنوں کے تعلق سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے: مفتی محمد روح اللہ قاسمی وقف ترمیمی بل 2024 کی مخالفت میں زیادہ سے زیادہ رائے بھیجیں: قاضی محمد امداداللّٰہ قاسمی

مدھوبنی /٨ستمبر

آج مورخہ 4/ ربیع الاول مطابق 8/ ستمبر 2024 روز اتوار کو بوقت 9/ بجے تا 12/ بجے دن مجلس الوعی الاسلامی ، بھوارہ ضلع مدھوبنی بہار کے زیر اہتمام ” مدرسہ اصلاح المومنین راگھو نگر کے صحن میں اسکول و کالج بالخصوص اقلیتی رہائشی ہاسٹل اور مدھوبنی کے مختلف ہاسٹل میں رہنے والے طلبہ کے درمیان” سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم ” کے عنوان پر زیر صدارت جناب مولانا و مفتی روح اللہ قاسمی دامت برکاتہم العالیہ ناظم تعلیمات مدرسہ فلاح المسلمین گوا پوکھر بھوارہ مدھوبنی اک اہم اور ضروری پروگرام منعقد ہوا ، پروگرام کا آغاز قاری نظام الدین شیوا کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا ، جناب مولانا نبی حسن قاسمی معاون قاضی مدرسہ فلاح المسلمین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ، ابتدائی و تمہیدی کلمات کے طور پر مولانا و مفتی محمد انظار الحق قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو دینی مزاج ، اسلامی وضع قطع ، اور دین و شریعت سے محبت و قربت کا پیغام دیا ، جناب مولانا و مفتی محمد امداد اللہ قاسمی قاضئ شریعت شہر مدھوبنی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و سنت پر عمل کرنے کی تلقین کی اور طلبہ کو چھوٹی چھوٹی سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی طرف راغب فرمایا ، نیز قاضی صاحب نے ملک کے موجودہ صورت حال بالخصوص وقف ترمیمی بل 2024 کی مخالفت میں زیادہ سے زیادہ رائے دہی کا طریقۂ کار بتایا اور طلبہ نے مجمع عام کے سامنے بذات خود جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کو ای میل کے ذریعہ میسیج بھیج کر دینی بیداری و حمیت کا ثبوت دیا
پروگرام کے روح رواں جناب مولانا و مفتی محمد روح اللہ قاسمی نے عقیدہ ختمِ نبوت پر تفصیلی کلام فرماتے ہوئے تین اہم فتنوں کی طرف اشارہ فرمایا ، فتنہ شکیلیت ، فتنہ انجینئر محمد علی مرزا اور فتنۂ غامدی ، ان تینوں فتنے کے باطل و گمراہ کن عقائد و نظریات پیش فرما کر دلائل کی روشنی میں رد فرمایا اور واضح طور پر بتایا کہ دین و شریعت کا دارومدار ” عقل ، سائنس اور لوجک ” پر نہیں بلکہ شریعت کا دارومدار نصوص اور وحی الٰہی پر ہے ، اس لئے ہم سب کو فتنوں کے تعلق سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ، اخیر میں دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا ، مجموعی طور پر پروگرام پر کافی کامیاب رہا ، سیرت النبی ، عقیدہ ختمِ نبوت اور وقف ترمیمی بل 2024 کے نقصانات جیسے اہم موضوعات سے طلبہ مستفید ہوئے
مدرسہ ہذا کے جملہ اساتذہ نظم و نسق اور ضیافت میں پیش پیش رہے۔
واضح رہے کہ نمونہ اسلاف ، محبوب قوم و ملت حضرت مولانا و قاضی حبیب اللہ قاسمی نور اللہ مرقدہ کے ذریعہ 1982 میں قائم کردہ مجلس الوعی الاسلامی بھوارہ مدھوبنی کے علماء کرام اور نوجوانوں کا ایک پلیٹ فارم ہے جس کے بینر تلے ماہ ربیع الاول میں حالات حاضرہ کے پیش نظر سیرت النبی کا دس روزہ پروگرام مختلف مساجد میں ہوتا ہے جس کے مثبت اور نتیجہ خیز اثرات دکھ رہے ہیں ، حسب سابق امسال بھی یکم ربیع الاول کو مدنی مسجد چمن ٹولی میں ، دو ربیع الاول کو عبد الغنی جامع مسجد راگھونگر میں ، تین ربیع الاول کو مسجد موسی نگر میں اور آج چار ربیع الاول کو عصری طلباء کا خصوصی پروگرام مدرسہ اصلاح المومنین میں ہوا ۔
اللہ تعالٰی سبھوں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اس پروگرام کو با مقصد ، کامیاب اور نفع بخش بنائے آمین یا ربّ العالمین
رپورٹ: انظار الحق قاسمی

Comments are closed.