امارت شرعیہ کے زیر اہتمام ہونے والی تحفظ اوقاف کانفرنس کی تمام تر تیاریاں مکمل ملک کے ملی قائدین سمیت بہار، اڈیشہ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال کے حضرات علماء ودانشوران کی آمد شروع
(پریس ریلیز۱۴/ ستمبر پھلواری شریف)
امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے
اپنے ایک پریس بیانیہ میں کہا کہ امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے زیر اہتمام بتاریخ۱۵/ ستمبر۲۰۲۴ء کو
شہر پٹنہ کے باپو سبھا گار آڈیٹوریم نزد گاندھی میدان میں ایک عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس
زیر صدارت امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ،حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی منعقد ہونے والی ہے
جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریڑی حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی صاحب شرکت فر مائیں گے۔
ان کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں سے ارکان بورڈ،مقتدر علمائے کرام،ملک کی معروف تنظیموں اور جماعتوں کے سربراہان،ریاستی سطح کی وقف کمیٹیوں کے چیئر مین ارکان مجلس شوریٰ امارت شرعیہ،ارکان مجلس ارباب حل وعقد،تنظیم امارت شرعیہ کی جملہ کمیٹیوں کے ذمہ داران،بڑی تعداد میں ماہرین قانون، وکلاء ڈاکٹرس،پروفیسرز،چاروں ریاستوں کے اہم علمائے کرام مرکزی مساجد کے ائمہ کرام ومتولیان، وقف کی ریاستی ومقامی کمیٹیوں کے ذمہ داران سمیت،بہار اڈیشہ جھارکھنڈ ومغربی بنگال کی تمام مسلم آبادیوں کے نمائندگان کی
ہزاروں کی تعداد میں شرکت ہو رہی ہے۔مہمانوں کی آمد کا سلسلہ مرکزی دفتر امارت شرعیہ میں شروع ہو چکاہے۔
اس موقع پر امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے فرمایا کہ
ان شاء اللہ وقف ترمیمی بل 2024 سے متعلق امارت شرعیہ کی یہ کانفرنس اوقاف کو تحفظ فراہم کرنےمیں ملکی سطح پر نمائندہ اور نہایت مؤثر کانفرنس ثابت ہوگی۔
بلکہ اوقاف کے تحفظ کے سلسلے میں اس طرح کی کانفرنس ملک میں ماضی قریب کے اندر دیکھنے کو نہیں ملی۔
مزید انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کی تمام تر تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں،اس کے لئے رضاکاران حضرات کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے،اور لوگ اپنے اپنے مفوضہ ذمہ داریوں کو پوری مستعدی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
پھلواری شریف کے نوجوانوں کے ساتھ آج مرکزی دفتر میں ذمہ داران امارت شرعیہ کے ساتھ میٹنگ ہو چکی ہے، مہمانان کے استقبال اور ان کو قیام گاہ تک پہونچانے کے لئے رضا کار سر گرم عمل ہیں، اس موقع پر امارت شرعیہ کے تمام ذمہ داران، قضاۃ حضرات، مبلغین وکارکنان کے علاوہ دار العلوم الاسلامیہ گون پورہ امارت شرعیہ، المعہد العالی،پارا میڈیکل کے اساتذہ وذمہ داران سمیت پھلواری شریف، نیا ٹولہ، سبزی باغ اور سمن پورہ سے سینکڑوں رضاکاران حضرات مذکورہ کانفرنس میں تشریف لانے والے مہمانان کرام کے قیام و راحت کیلئے مستعد ہیں، واضح رہے کہ تحفظ اوقاف کانفرنس کے ساتھ اسی تاریخ میں بعد نماز مغرب تا۱۰/ بجے رات کو المعہد العالی امارت شرعیہ میں دینی مدارس کے داخلی وخارجی حالات کو بہتر بنانے اور انہیں اٹھنے والے فتنوں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے” مدارس اسلامیہ کنونشن“کے عنوان سے اہم اجلاس منعقد ہونا ہے،جس میں بڑی تعداد میں مدارس کے ذمہ داران اور حضرات علمائے کرام کی شرکت ہونی ہے اس کی بھی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے حضرات کی راحت و آرام کے لئے بھی رضا کاران متعین ہیں،قابل ذکر ہے کہ
متھلانچل وسینمانچل سمیت شمالی بہارکے تمام مہمانوں کے قیام کے لئے
انجمن اسلامیہ ہال سبزی باغ۔
مجلس ارباب حل وعقد کے تمام اراکین کے لئے
المعہد العالی امارت شرعیہ پھلواری شریف
مغربی بنگال کے مندوبین کے لئے پارا میڈیکل کی بلڈنگ۔
جنوبی بہار کے اضلاع سے تشریف لانے والوں کے لئے
ایف سی آئی روڈپھلواری شریف ٹیکنیکل کالج۔
صوبہ جھارکھنڈ کے مہمانوں کیلئے
حج بھون پٹنہ
اور ریاست اڈیشہ وشہرکلکتہ کے مہمانان کرام کے لئے
سیٹی سینڑ ہوٹل پٹنہ جنکشن
میں قیام وراحت کا نظم کیا گیا ہے۔
تمام شرکاء سے گذارش ہے کہ اپنی آمد کی اطلاع مرکزی دفتر کو دے دیں۔
پٹنہ کے تمام اسٹیشنوں اور زیر ومائل بس اسٹینڈ پر لوگوں کی سہولت کے لئے گاڑیوں کا بھی نظم کیا گیا ہے۔
آنے والے مہمانان کرام اپنی گاڑیوں میں تحفظ اوقاف کانفرنس کا بینر یا اسٹیکر لگا کر آئیں تاکہ متعینہ پارکنگ میں جگہ مل سکے۔
اللہ سے دعاء ہے کہ اس کانفرنس کو اوقاف کے تحفظ کا ذریعہ بنائے اور ملت اسلامیہ کےمشترکہ شرعی اثاثے کی حفاظت کاوسیلہ بنائے۔
Comments are closed.