امارت شرعیہ کانمائندہ اجلاس سیوان میں 28 نومبر کو، تیاریاں جاری حضرت امیرشریعت سمیت امارت شرعیہ کے ذمہ داران کی ہوگی آمد تمام علماء و دانشوران سے شرکت کی درخواست

 

(26 نومبر/ سیوان )

 

امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ ملک کا ایک بےمثال اورمنفرد دینی، ملی اور فلاحی ادارہ ہے، اس تنظیم نے ہر نازک موقع پر ملت کی صحیح رہنمائی کا اہم فریضہ انجام دیا ہے، اس وقت ملک کے حالات جس تیزی سے بدل رہے ہیں؛ وہ سب کی آنکھوں کے سامنے ہیں ،مدارس و مساجد خطرات کے گھیرے میں ہیں،

اوقاف کی جائیداد کو قانونی پیچ و خم میں الجھایا جا رہا ہے، ناموس رسالت کو نشانہ بنانے اور ہمیں آئینی حقوق سے محروم رکھنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، خود مسلمانوں میں مقدمہ بازی، باہمی اختلافات اور چھوٹی چھوٹی بنیادوں پر نفرت ودوری ،سودی لین دین، نشہ خوری، جہیزو تلک اور دیگر سماجی خرابیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں ،ایسے میں امارت شرعیہ مسلمانوں میں اپنے آئینی حقوق اور دینی ورثے کی حفاظت ،معیاری تعلیم، معاشی ترقی ،تنظیمی اتحاد اور اصلاح معاشرہ کی دیگر اہم ذمہ داریوں سے روشناس کرانے کے لیے ضلع سیوان گوپال گنج اور سارن کی سطح پر خواص حضرات کا ایک نمائندہ اجلاس 28 نومبر 2024 مقام تلسی واٹیکا ببونیاروڈ نزد لال کوٹھی شہر سیوان میں منعقد کرنے جا رہی ہے؛ جس میں ضلع سیوان گوپال گنج اور سارن کے تمام نقباء امارت شرعیہ ،علماء، ائمہ کرام، مساجد ومدارس کے ذمہ داران،تعلیم گاہوں کے ڈائریکٹر وپرنسپل، ڈاکٹرز، پروفیسرز، انجنیئرز، وکلاء اور سماجی وسیاسی دانشوران کو شرکت کی خصوصی دعوت دی جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے معاون ناظم جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی نے د روائل ہوٹل سیوان میں منعقد پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کےسامنے کیا ،آپ نے مزید امارت شرعیہ کی تحریک کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت امارت شرعیہ ترجیحی بنیاد پر ملی مسائل کے حل کےلئے زمینی سطح پر امارت شرعیہ کی تنظیم کو مضبوط کرنے اور ملت کے کاموں کو عملی شکل دینےکے لیے اس طرح کے پروگرام کا انعقاد ہر ضلع میں کر رہی ہے،جہاں داخلی و خارجی مسائل اور ان کا حل موضوع گفتگو ہوں گے، اس کے لیے گزشتہ ایک ماہ سے امارت شرعیہ کے حضرات مبلغین ضلع سیوان، گوپال گنج اور سارن کے گاؤں گاؤں کا دورہ کر رہے ہیں اور تنظیمی استحکام کے ساتھ مسلمانوں کو عملی طور پر بیدار کرنے کے لیے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ اس پروگرام میں حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہم اور امارت شرعیہ کے کلیدی ذمہ داران کی شرکت ہوگی، پروگرام کا وقت نو بج کر ڈیڑھ بجے دن ہے، ان تینوں اضلاع کے حضرات علماء، ائمہ اور دانشوران ملت کے سلگتے ہوئے مسائل کے پیش نظر اس اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کریں ۔ ان شاءاللہ یہ اجلاس سیوان، گوپال گنج اورسارن کے مسلمانوں کی ملی ضرورتوں کی تکمیل اور مسلم معاشرہ کے کام آنے والے افراد کی تشکیل کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا،اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں حضرت مولانا مرتضی قاسمی قاضی شریعت ضلع سیوان و گوپال گنج جناب مفتی عبدالباری نائب قاضی شریعت ضلع سیوان و گوپال گنج امارت شرعیہ کے معاون ناظم جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی، امارت شرعیہ کے مبلغین جناب مولانا محمد ظہیر الحسن شمسی، جناب مولانا اسعد اللہ نیموی، جناب مولانا خالد انور قاسمی، جناب مولانا زین الحق قاسمی، جناب مولانا محمدشفیع اللہ اورجناب مولانا محمد توحید عالم صاحب کے علاوہ اراکین مجلس استقبالیہ ضلع سیوان اور مقامی علماء و ذمہ داران مصروف ہیں ۔

Comments are closed.