مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی رحمہ اللہ کے ایصال ثواب کے لئے تعزیتی نشست کا اہتمام

مولانا سید جعفر حسنی ندوی رحمہ اللہ کے ایصال ثواب کے لئے تعزیتی نشست کا اہتمام
ممبئی (رپورٹ : مولانا محمد راشد اسعد ندوی)
گذشتہ دنوں بدھ 15 جنوری 2025 بمطابق 14 رجب المرجب 1446 ھجری ; دارالعلوم ندوة العلماء کے ناظر عام مولانا سید جعفرمسعود حسنی ندوی رحمہ اللہ ایک سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے تھے جس کی وجہ سے علمی و ادبی حلقوں میں صف ماتم بچھ گئی بالخصوص بہی خواہان ندوہ شدید غم سے دوچار ہوئے اسی مناسبت سے ممبئی میں انجمن اہل السنہ والجماعۃ نے رابطہ ادب اسلامی شاخ ممبئی کے اشتراک سے 18 جنوری 2025 بروز سنیچر بعد نماز عشاء، مدرسہ باقیات الصالحات چوکی محلہ میں ایک تعزیتی نشست منعقد کی ،الحمد للہ یہ نشست کامیابی سے ہمکنار ہوئی ،اس تعزیتی نشست کی سرپرستی دارالعلوم ندوۃ العلماء کے رکن شوری مولانا ابراہیم ندوی نے کی جبکہ مسند صدارت پر پیر طریقت مولانا احمد علی ندوی رونق افروز تھے ، نشست کی نظامت مولانا محمد راشد اسعد ندوی امام و خطیب مسجد عمر فاروق کھڈے کی باڑی ڈونگری نے کی، اس نشست کا آغاز مولانا محمد سعد صدیقی ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نشست میں ایک بڑی تعداد میں ابنائے ندوہ اور دیگر علماء و ائمہ شریک ہوئے، اس موقع پر حاضرین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ندوۃ العلماء لکھنؤ اور خانوادہ حسنی کو اپنی جانب سے تعزیت مسنونہ پیش کیا، جامعة الابرار وسئی کے ناظم مولانا شمیم اختر ندوی نے مولانا مرحوم کے سانحہ وفات پر اپنے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثہ کو ندوہ کے لیے بڑا خسارہ قرادیا، گوونڈی میں علمی و دینی خدمت انجام دینے والے جواں سال عالم مولانا حبیب الرحمن ندوی نے اپنا پر مغز مقالہ پیش کرتے ہوئے مولانا کے اسلوب نگارش اور اسلامی فکر کو بیان کیا،اس کے بعد مولانا مرحوم سے قریبی تعلق رکھنے والے ممبئی میں تحریک پیام انسانیت کے ذمہ دار مولانا اسامہ امین ندوی نے مولانا مرحوم کی متعدد علمی و ادبی خوبیوں، صحافتی صلاحیتوں اور بلند اخلاق و کردار سے سامعین کو روشناس کرایا اسی طرح مجلس میں موجود ممبئی یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے ذمہ دار مولانا جمشید ندوی نے مولانا مرحوم کے زمانہ طالب علمی کو یاد کیا اور بتایا کہ مولانا مرحوم ایک اچھے کھلاڑی بھی تھے ،سینئر ندوی مولانا عبدالرزاق نے خانوادہ حسنی سے اپنی وابستگی اور مولانا مرحوم اور ان کے بزرگوں کے ساتھ بیتے لمحات کو اپنے مخصوص لب و لہجہ میں بیان کیا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے ،انجمن اہل السنہ والجماعۃ ممبئی کے جنرل سیکریٹری مولانا رشید احمد ندوی نے مولانا مرحوم کے زمانہ طالب علمی کی دل چسپ باتیں سنائیں نیز ممبرا سے تشریف لائے مولانا شفیق الرحمن ندوی نے بھی تعزیتی کلمات پیش کئے، اخیر میں مولانا احمد علی ندوی نے صدارتی خطاب کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں حسنی خاندان بشمول مرحوم مولانا جعفرمسعود حسنی ندوی کے اوصاف و کمالات ذکر فرمائے جو قابل رشک اور لائق تقلید ہیں،اور پھر حاضرین نے قرآن کریم پڑھ کر ایصال ثواب کیا اور مولانا ابراہیم ندوی کی رقت آمیز دعا پر مجلس کا اختتام ہوا،
اس مجلس میں معززین شہر اور متعدد علماء و ائمہ نے شرکت فرمائی بالخصوص مولانا ظفر ندوی،مفتی طہ قاسمی جون پوری مولانا عمران صدیقی ندوی،مولانا سرفراز ندوی مولانا عبد القوی ندوی، مولانا غفران ساجد قاسمی ،مولانا جاوید ندوی وغیرہم بطور خاص موجود رہے.
Comments are closed.